جناح اسپتال میں نامعلوم ملزمان 2 افراد کی لاشیں چھوڑ کر فرار

لاشوں کی شناخت نہ ہو سکی، متوفین جوان العمر اور ان کے جسم پر نہ تو کوئی چوٹ اور نہ ہی تشدد کا نشان ہے


Staff Reporter December 22, 2019
ہلاکتوں کو زہر خوانی کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل، مجموعی طور 8 نمونے حاصل کیے گئے۔ فوٹو: فائل

جناح اسپتال میں نامعلوم ملزمان 2 افراد کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے جن کی رات گئے تک شناخت نہیں ہو سکی۔

جناح اسپتال میں نامعلوم ملزمان 2 افراد کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے جن کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی، جناح اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ جمعے کو رات گئے 2 افراد کی لاشیں اسپتال کی ایمرجنسی میں لائی گئیں جنھیں لانے والے افراد لاپتہ ہوگئے۔

لاشوں کے حوالے سے متعلقہ تھانہ صدر پولیس کو اطلاع دیدی گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد جوان العمر ہیں جبکہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کی ہلاکت کس وجہ سے ہوئی ہے اور اس کا تعین پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ہو سکے گا۔

ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر نے بتایا کہ دونوں متوفین کی بائیو میٹرک کے ذریعے شناخت کو یقینی بنانے کیلیے کوششیں کی جا رہی ہیں اور ان کے فنگر پرنٹس نادرا کو ارسال کر دیے گئے ہیں جس کی رپورٹ ابھی نہیں ملی ۔

صدر پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی لاشیں ٹیکسی اور رکشا میں کچھ وقفے سے لائی گئیں تھیں اور جس لاش کو ٹیکسی میں لایا گیا تھا جس کی فوٹیجز بھی پولیس نے حاصل کرلی جس میں ٹیکسی اور رکشا کے اندر لائی جانے والی لاشوں کو نامعلوم افراد اسٹریچر پر ڈال کر ایمرجنسی کی جانب جاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹیکسی کے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے جب اس کا پتہ معلوم کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ مذکورہ ٹیکسی فروخت کی جا چکی ،پولیس ٹیکسی کے موجودہ مالک کو سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے ،جناح اسپتال میں چھوڑی جانے والی دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ لاشوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کے شواہد نہیں ملے ، دونوں لاشیں زیادہ پرانی نہیں ہیں جو اسپتال لائے جانے سے ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل جاں بحق ہوئے تھے، لاشوں کے جسم کے کسی بھی حصے پر کوئی زخم نہیں تھا جبکہ دونوں متوفین کی لاشوں سے مجموعی طور پر 8 نمونے حاصل کیے گئے ہیں جبکہ ابتدائی طور پر ہلاکتیں مبینہ طور پر زہر خوانی کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد تمام صورتحال واضحے ہو جائیگی۔

صدر پولیس نے دونوں لاشوں کو تلاش ورثا کیلیے چھیپا کے سرد خانے میں رکھوا دیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |