واٹر بورڈ کی ریکوری میں اچانک 13 کروڑ روپے کی کمی ہوگئی

ریکوری ڈپارٹمنٹ میں نااہل افسران تعینات،ادارے کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے


Staff Reporter November 04, 2013
صورتحال برقرار رہی تو ادارہ انتظامی اور مالیاتی طور پر عضو معطل بن جائیگا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

ادارہ فراہمی ونکاسی آب کراچی کے ریکوری ڈپارٹمنٹ میں اہل افسران کے تبادلے کرکے نااہل افسران کی تعیناتی سے ادارے کی کارکردگی شدید متاثر ہورہی ہے جس کے باعث گزشتہ ماہ ادارے کی ریکوری میں اچانک 13 کروڑ روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔

اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ادارہ انتظامی وترقیاتی اور مالیاتی طور پر عضو معطل بن جائے گا، باخبر ذرائع نے اس امر کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈی ایم ڈی ریونیو محمد اسلم نے محکمے میں اپنے قریبی دوستوں کو اہم عہدوں پر تعینات کردیا ہے، محمد اسلم نے پانچوں اضلاع کے ڈائریکٹر سمیت بلک ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کو تبدیل کردیا ہے اور ان کی جگہ کم تجربے رکھنے والے افسران کی تعیناتی کردی جس سے ریکوری ڈپارٹمنٹ کا ڈھانچہ بیٹھنا شروع ہوگیا،صرف ایک ماہ میں محکمے کی ریکوری میں کم وبیش 13 کروڑ روپے کی ریکوری کم ہوئی اور اگر یہی صورتحال رہی تو شعبہ مکمل طور پر مفلوج ہوجائے گا۔



ذرائع نے بتایا کہ جن افسران کا تبادلہ کیا گیا ہے وہ اپنے کام کے ماہر اور مشاق افسران تھے، ان کی صلاحیتیں اور استعداد ڈی ایم ڈی ریکوری محمد اسلم سے بھی زیادہ تھیں، یہ بات محمد اسلم کو برداشت نہیں ہورہی تھی جس کے باعث ان کو ہٹاکر نااہلی اور نالائقی کے باعث شہرت رکھنے والے افسران کی تعنیاتی کردی ہے تاکہ یہ افسران محمد اسلم کی کٹھ پتلی بنے رہے ہیں، ہر معاملے پر آنکھیں بند کرکے عمل کریں تاکہ ایسے کام جو کہ سابقہ افسران اس بنیاد پر کرنے سے انکار کردیا تھا کہ قوائد کے تحت نہیں ہیں نئے افسران سے کرائے جاسکیں، ذرائع نے بتایا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اگلے مہینے واٹربورڈ کی انتظامیہ کومحکمے ملازمین کے لیے تنخواہوں کی ادائیگی بھی مشکل ہوجائے گی جبکہ شہر میں واٹربورڈ کی کم وبیش تمام ترقیاتی سرگرمیاں بھی بند ہوجائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں