جامعہ کراچی پٹرولیم ٹیکنالوجی میں بی ایس سی آنرز شروع کرنے کا فیصلہ

آنرز پروگرام میں داخلے اوپن میرٹ پر ہوںگے،نئے تعلیمی سال میں30 نشستوں پر دیے جائیںگے


Safdar Rizvi November 04, 2013
انٹر پری انجینئرنگ کے طلبا آنرز پروگرام میں داخلہ درخواست دے سکیں گے، چیئرمین شعبہ مجید قادری۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی نے پٹرولیم ٹیکنالوجی کے شعبے میں بی ایس سی آنرز پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے شعبے کے بورڈ آف اسٹڈیز نے پٹرولیم ٹیکنالوجی میں بی ایس سی آنرز پروگرام شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

پٹرولیم ٹیکنالوجی میں بی ایس سی آنرز پروگرام نئے تعلیمی سال2014 سے شروع ہوگا جس کے داخلے چند روز بعد جامعہ کراچی کے ''صبح '' کے داخلہ پروگرام کے ساتھ دیے جائیں گے،داخلہ کمیٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر خالد عراقی نے بتایا ہے کہ پٹرولیم ٹیکنالوجی بی ایس سی آنرز پروگرام میں داخلے اوپن میرٹ پر دیے جائیں گے جس کے لیے انٹر میں 45 فیصد مارکس کے حامل طلبہ وطالبات داخلہ فارم جمع کرانے کے اہل ہونگے۔



شعبہ پٹرولیم ٹیکنالوجی کے چیئرمین مجیداللہ قادری کے مطابق انٹر پری انجینئرنگ کے طلبا پٹرولیم ٹیکنالوجی آنرز پروگرام میں داخلہ درخواست دے سکیں گے،انٹر پری انجینئرنگ میں کیمسٹری اور فزکس کے مضامین کے ساتھ ریاضی کے مضمون کو بھی داخلہ پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے اور پری انجینئرنگ میں ریاضی کے مضمون کے ساتھ انٹرکرنے والے طلبا ہی پٹرولیم ٹیکنالوجی بی ایس سی پروگرام میں داخلے کے اہل سمجھے جائیں گے،داخلوں کے لیے 30 نشستیں مختص کی گئی ہیں،ماسٹرز پروگرام کی طرز پر بی ایس سی پروگرام میں بھی سیمسٹر امتحانات میں تمام مضامین کے پاسنگ مارکس 50 فیصد ہیں،جامعہ کراچی کے تحت پٹرولیم ٹیکنالوجی میں ماسٹرز پروگرام پہلے ہی سے جاری ہے تاہم بی ایس سی آنرز پروگرام اب متعارف کروایاجارہاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں