پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ کا امکان ختم ہوگیا

قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے کوئی فیصلہ کرنے کا مجاز نہیں رہا، نجم سیٹھی


Sports Reporter November 04, 2013
کرکٹ سائوتھ افریقہ نے مختصر سیریز کیلیے 15لاکھ ڈالر کی پیش کش کی تھی ۔فوٹو: ایکسپریس/فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورئہ جنوبی افریقہ کا امکان ختم ہوگیا، نجم سیٹھی نے اس ٹور کی بات ختم ہونے کا ملبہ اپنی بے اختیاری پر ڈال دیا۔

ان کا دعوٰی ہے کہ وہ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے کوئی فیصلہ کرنے کے مجاز نہیں ہیں، پی سی بی کو اس دورے کے نہ ہونے سے 15لاکھ ڈالر کا نقصان ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کا ون ڈے سیریز کیلیے مختصر دورہ جنوبی افریقہ تجویز کرتے ہوئے پی سی بی نے بات چیت شروع کی تھی، بتایا گیا تھا کہ معاملات طے پانے کے بعد یواے ای میں 15نومبر کو سیریز مکمل ہونے کے بعد ٹیمیں مہینے کے آخری دو ہفتوں کے دوران پروٹیز کے دیس میں مقابل ہوں گی، ابھی مجوزہ پروگرام کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی تھی کہ نگران چیئرمین نجم سیٹھی اور عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے جمعرات کو کیے گئے فیصلے میں کام کرنے سے روک دیا۔



گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ کرکٹ سائوتھ افریقہ نے مختصر سیریز کیلیے 15لاکھ ڈالر کی پیش کش کی تھی، ہمیں دورہ شروع کرنے سے دو ہفتے قبل آگاہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی تاکہ سی ایس اے بروقت انتظامات کیلیے پیش رفت شروع کرسکے، تاہم میں نے جس روز کام شروع کیا عدالت نے مجھے اور عبوری کمیٹی کو معطل کردیا، اسی وجہ سے اب سیریز کی تجویز کو عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکا۔ یاد رہے کہ نجم سیٹھی اپنے ایک کالم میں بھی تحریر کیا ہے کہ پی سی بی کے معاملات عدالتوں میں جانے سے ہر چیز اور ہر شخص کو تذبذب اور الجھائو کا شکار ہے، انتظامی بحران کی وجہ سے بورڈ کو اربوں کا مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، معزز جج قومی مفاد میں اس حوالے سے کوئی منصفانہ اور آئینی فیصلہ جلد کردیں تو بہتر ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔