نیٹو سپلائی روکنے سے ہی امریکا مشکل سے دوچار ہوگا منور حسن

تحریک انصاف کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں، تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیکر حکمت عملی بنائے


News Agencies/Numainda Express November 04, 2013
تحریک انصاف تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مشاورت کر کے نیٹو سپلائی روکنے کی حکمت عملی مرتب کرے ۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکا کو مشکل سے دوچار کرنے کا واحد راستہ نیٹو سپلائی کی بندش ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کی طرف سے نیٹو سپلائی کی بند ش کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں، تحریک انصاف تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مشاورت کر کے نیٹو سپلائی روکنے کی حکمت عملی مرتب کرے، حکومت ڈرون روکنے سے متعلق اپنی پالیسی واضح کرے، امریکا طالبان سے مذاکرات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے لیے کھل کر سامنے آ گیا ہے اب حکومت فوری طور پرطالبان سے مذاکرات شروع کرے، پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس کے اجرا کر کے عوامی نمائندوں کو نظر انداز کیا گیا ، یہ آرڈیننس بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے، حکومت امریکا کی غلامی سے نکل جائے ورنہ عوام کو حکومت کے خلاف سڑکوں پر لائیں گے۔



اتوار کو یہاں جماعت اسلامی کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ اور میاں اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ حکومت کی امریکا نواز پالسیوں کے خلاف عوام کو سڑکوں پر لائیں گے، حکومت ہمیں روک کر دکھائے ، پاکستان کو مصر اور شام نہیں بننے دیںگے۔ انھوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے، آرڈیننس کے اجرا کے بعد وزیر اعظم کی قومی رہنمائوں سے مشاورت مذاق کے مترادف ہے، اس آرڈیننس کے ذریعے انٹیلی جنس اداروں کے اختیارات میں اضافہ کر کے بنیادی انسانی حقوق کی نفی کی گئی ہے ، میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس پر آواز بلند کرنی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔