عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے شہبازشریف

حکومت ملک وعوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اس لئے سیاسی انتقام کے ذریعے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے، شہبازشریف


ویب ڈیسک December 23, 2019
حکومت نے اپنی نااہلی چھپانے کے لیے احسن اقبال کوگرفتار کیا، شہبازشریف۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت ملک اور وعوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اس لئے سیاسی انتقام کے ذریعے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کی گرفتاری پر ردعمل کا کا اظہار اور مذمت کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جس ادھورے منصوبے کو مکمل کرنے پر احسن اقبال کو شاباش ملنی چاہئے تھی اس میں ان کی گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، حکومت ملک اور عوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اس لئے سیاسی انتقام کے ذریعے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ احسن اقبال عوامی مسائل اجاگر کرنے کے لیے سیاسی سرگرمیاں کر رہے تھے، چین پاکستان کی دوستی اور سی پیک کو مضبوط بنانے والے شخص کی گرفتاری قابل مذمت اور افسوسناک ہے، جن لوگوں نے عوام اور پاکستان کی ایمانداری، محنت اور قومی جذبے سے خدمت کی انہیں گرفتار کرکے اچھا پیغام نہیں دیا جارہا یہ اچھی روایت نہیں، حکومت سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمے بنانے اور جیل بھجوانے کے بجائے اہم قومی اور عوامی مسائل پر توجہ دے۔

صدرمسلم لیگ (ن) نے کہا کہ احسن اقبال کی گرفتاری کا مقصد حکومت کی نالائقی اور نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے سے روکنا اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے، لیکن ہمارا ہر سپاہی، اور ہر ٹیم ممبر نیب نیازی گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئے گا، کوئی جیل، کوئی جھوٹامقدمہ اور کوئی نیب نیازی گٹھ جوڑ ہمیں عوام کے حقوق کادفاع کرنے سے نہیں روک سکتا ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔