پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات21ستمبرکوواشنگٹن میں ہونگے

حناربانی کھراورہلیری کلنٹن شریک ہونگی،سلالہ حملے کے بعدیہ سلسلہ رک گیا تھا

حناربانی کھراورہلیری کلنٹن شریک ہونگی،سلالہ حملے کے بعدیہ سلسلہ رک گیا تھا۔ فوٹو: پی آئی ڈی/فائل

وزیرخارجہ حنا ربانی کھر اور ان کی امریکی ہم منصب ہلیری کلنٹن 21ستمبر کو واشنگٹن میںہونیوالے تیسرے پاک امریکا اسٹرٹیجک ڈائیلاگ میںحصہ لیں گی جس میں اب تک اس پرہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیاجائے گا۔


اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان وزارتی سطح پر آخری مرتبہ 19جولائی 2010 کواسٹریٹجک ڈائیلاگ ہوئے تھے،وزیر خارجہ ڈائیلاگ میںحصہ لینے کیلیے 20ستمبر کو واشنگٹن پہنچ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکا کی موجودہ انتظامیہ کے ساتھ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا یہ آخری دور ہو گا کیونکہ رواںسال نومبرمیںامریکا کے صدارتی انتخاب کے بعد نئی انتظامیہ کے ساتھ اگلے برس ہی دوطرفہ بات چیت ممکن ہو گی۔

مذاکرات میںامریکا سے بہتر مارکیٹ رسائی ،پاکستانی تجارت بڑھانے کیلیے پاکستانی کوششوں کو سپورٹ کرنے اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں خصوصاً سوات، مالاکنڈ اور جنوبی وزیرستان میں تعمیر نو اور بحالی میں بھرپور مدد دینے کا مطالبہ کیاجائیگا۔ امریکا کو بتایا جائے گا کہ پاکستان کی قیادت کے واضح اہداف میں توانائی بحران کا خاتمہ ہے جس کیلیے مختلف طریقہ سے توانائی کے حصول کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی کے دور وزارت میںپاکستان اور امریکا نے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کو وزارتی درجہ دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ایبٹ آباد آپریشن اور سلالہ حملے کے بعد اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا سلسہ ختم ہوگیا تھا جسے اب دوبارہ بحال کیاجارہا ہے۔
Load Next Story