حکومت نے بلاول بھٹو کو لیاقت باغ میں جلسہ کرنے سے روک دیا

بی بی شہید کی برسی کا جلسہ لیاقت باغ میں ہوگا اور ہر حال میں ہوگا، ترجمان بلاول بھٹو


ویب ڈیسک December 23, 2019
شہید بینظیر بھٹو کی برسی کا جلسہ لیاقت باغ میں کرنے کیلئے ہر قانونی راستہ اختیار کریں گے، ترجمان بلاول بھٹو۔ فوٹو:فائل

راولپنڈی انتظامیہ نے بلاول بھٹو زرداری کو لیاقت باغ میں جلسہ کرنے سے روک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے لیاقت باغ میں شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سیف اللہ ڈوگر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے جلسے سے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سیکیورٹی رپورٹس کے مطابق یہاں خطرات موجود ہیں اس لیے کوئی رسک نہیں لے سکتے۔

دوسری جانب ترجمان بلاول بھٹو زرداری مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، سلیکٹڈ حکومت عوامی سیاست سے خوف زدہ ہے، یہ فاشسٹ حکومت ہمیں اپنے شہیدوں کی برسی تک منانے نہیں دے رہی لیکن بی بی شہید کی برسی کا جلسہ لیاقت باغ میں ہوگا اور ہر حال میں ہوگا۔

مصطفیٰ نواز کا کہنا تھا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے جہاں عوام کے حقوق کی بات نہ پارلیمنٹ میں کرنے دی جا رہی ہے نہ باہر، بلکہ ہر وہ آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو سلیکٹڈ کے خلاف اٹھتی ہے، بھارت میں مودی خلاف اٹھنے والی عوامی نفرت سے عمران خان کچھ عبرت حاصل کریں، شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کا جلسہ لیاقت باغ میں کرنے کے لیے ہر قانونی راستہ اختیار کریں گے اور ہم اپنے جہموری، آئینی اور قانونی حقوق سے دست بردار نہیں ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں