حکیم اللہ محسود سمیت حالیہ ڈرون حملے میں ہلاک تمام افراد شہید ہیں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا حکومت ڈرون حملوں کے خلاف جو بھی پالیسی مرتب کرے گی جماعت اسلامی اس کی حمایت کرے گی، پروفیسر ابراہیم


ویب ڈیسک November 04, 2013
امریکا پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں ہے اسے ہمارے قومی مفادات سے کوئی سروکار نہیں، پروفیسر ابراہیم ، فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ حکیم اللہ محسود سمیت حالیہ ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد شہید ہیں۔

مانسہرہ میں تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ حالیہ ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والے تمام افراد شہید ہیں کیونکہ انہیں اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ امن کی خاطر حکومت سے مذاکرات پر رضامند ہوگئے تھے۔ اس ڈرون حملے نے حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کردیا ہے، جو نام نہاد محب وطن کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کہا کہ حالیہ ڈرون حملوں سے لوگوں کو احساس ہوگیا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں ہے اسے ہمارے قومی مفادات سے کوئی سروکار نہیں، وہ اس خطے میں صرف اپنے مفادات کے تحفظ کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ ہم عالمی برادری سے مساویانہ اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں اس لئے وفاقی حکومت امریکا کے ساتھ اپنا اسٹریٹیجک اتحاد ختم کردے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ڈرون حملوں کے خلاف جو بھی پالیسی مرتب کرے گی جماعت اسلامی اس کی حمایت کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے جماعت اسلامی کے اس بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے حکیم اللہ محسود کو شہید قرار دے کر یہ ثابت کردیا کہ وہ پہلے بھی پاکستان کے خلاف تھے اور اب بھی ہیں، ان کے ساتھ وہی سلوک کیا جانا چاہئے جو بنگلہ دیش میں وہاں کی جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے ساتھ کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |