خیبرپختونخوا حکومت 20 نومبر سے نیٹوسپلائی بند کردے گی عمران خان

آج ثابت ہوگیاہےکہ امریکاہمیں کس حقارت سےدیکھتاکیونکہ ہم ہروقت ان کےسامنےڈالرمانگنےکیلئےکھڑےہوجاتےہیں،عمران خان


ویب ڈیسک November 04, 2013
پاکستان نے جب بھی امن عمل کا آغاز کیا امریکا کی جانب سے ڈرون حملے کرکے اس کو ناکام بنا دیا گیا عمران خان۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے وفاقی حکومت نے نیٹو سپلائی اور امریکی ڈرون حملوں کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کیا تو خیبرپختون خوا حکومت 20 نومبر سے نیٹوسپلائی بند کر دے گی۔

قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ عمل اتنا آسان نہیں تھا کیونکہ اب طالبان کے 30 سے 40 گروپ بن چکے ہیں، آج پاکستان جس مقام پہنچ چکا ہے ہم جو بھی فیصلہ کریں گے تو وہ آسان نہیں ہو گا، آج وقت آ گیا ہے کہ پاکستان نے فیصلہ کرنا ہے کہ اسے کس جانب جانا ہے، جس طرح امن عمل پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ یہ جنگ کس کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جب بھی امن عمل کا آغاز کیا امریکا کی جانب سے ڈرون حملے کرکے اس کو ناکام بنا دیا گیا اور آج بھی جب وزیرداخلہ کافی محنت کے بعد ایسے مقام پر پہنچے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات شروع کیے جائیں تو امریکا نے ڈرون حملہ کرکے ان کو سبوتاژ کردیا۔

عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقے میں 60 لاکھ پاکستان بستے تھے اور پاکستان کے قیام میں ان لوگوں کا خون شامل ہے اوریہ ہماری ریڑھ کی ہڈی تھے لیکن ہم نے وہاں فوج بھیج کر اپنے ہی لوگوں کا نقصان کیا اور یہ لوگ اس کے ردعمل میں انسان سے حیوان بنے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ضمیر کو بیچا اور ڈالروں کے پیچھے سب کچھ کیا اور امریکی دباؤ پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد فوج کو ساتوں ایجنسیوں میں بھیج دیا، آپریشن کی وجہ سے جو لوگ اپنی جانوں سے گئے وہ ایک جانب لیکن 50 ہزار سے زائد لوگ اور 3 سے 4 ہزار ہمارے فوجی معزور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب لوگوں کو آپس کے اختلافات ختم کرکے ملک کے لیے سوچنا چاہیے، اختلافات ختم کرنے کے لیے سب کے پاس جانے کو تیار ہوں، میرے مولانا فضل الرحمان سے آج کل کافی اختلافات ہیں لیکن میں ان کے پاس بھی جانے کے لیے تیار ہوں، آج ثابت ہو گیا ہے کہ امریکا ہمیں کس حقارت سے دیکھتا کیونکہ ہم ہر وقت ان کے سامنے ڈالر مانگنے کے لیے کھڑے ہو جاتے ہیں، آج موقع ہے کہ ہم ایک قوم بن چاہیں، حکومت کو چاہیے کہ وہ امریکا پر واضح کرے کہ جب تک ہمارا امن عمل چل رہا ہے وہ کوئی ڈرون حملہ نہیں کرے گا اور اگر انہوں نے ایسا کیا تو ہم نیٹو سپلائی بند کردیں گے اور سیکورٹی کونسل میں چلے جائیں گے۔

عمران خان نے کہاکہ خیبرپختون خوا کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ محرم الحرام کے احترام کی وجہ سے 20 نومبر تک وفاقی حکومت کے ردعمل کر جائزہ لیا جائے گا اور اگر اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کیا گیا تو صوبائی حکومت نیٹو سپلائی بند کردے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں