ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ٹیم فاتح

پی سی بی کی کوششیں بہرحال رنگ لے آئیں


Editorial December 25, 2019
پی سی بی کی کوششیں بہرحال رنگ لے آئیں

LONDON: پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ایک شاندار پیش رفت ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی)کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ سری لنکا کے دورہ پاکستان کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی منفرد فتح ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے، جس کے بعد دنیا کو یہ پیغام گیا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے اب ایک محفوظ ملک ہے۔

لہذا بنگلہ دیش کے پاس اب پاکستان آکر کھیلنے سے گریز کاکوئی جواز نہیں اور یہ نہیں کہہ سکتا کہ پاکستان محفوظ نہیں، احسان مانی نے دو ٹوک الفاظ میں کہاکہ پاکستان ان ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا، کسی کو اس تشویش یا تردد میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں کہ اب ٹیسٹ میچز پاکستان میں کہاں کھیلے جائیںگے۔

انھوں نے کہا کہ سارے میچز پاکستان ہی میں ہوں گے۔ ان کی یہ آواز اور عہد بلاشبہ دنیائے کرکٹ کے کونے کونے میں سنی جائے گی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ تک بھی پی بی سی کی یہ معروضات نتیجہ خیز ثابت ہوںگی۔احسان مانی قومی ٹیم کی شاندار کامیابی کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

پی سی بی کی کوششیں بہرحال رنگ لے آئیں، جن کا نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف 263رنز سے یادگارکامیابی حاصل کر لی، آخری 3 بیٹسمین چوتھے دن کے اسکور 212میں ایک رن کا بھی اضافہ نہیں کرپائے، سنچری میکر اوشیدا فرنانڈو، لسیتھ ایمبلڈینیا اور وشوا فرنانڈو بے بسی کی تصویر بن گئے۔

پاکستان نے 263رنز کی فتح کے ساتھ سیریز بھی1-0سے اپنے نام کرلی، پہلی ہی گیند پر مہلک وار کرنے والے نسیم شاہ نے اننگز میں 5شکار کیے، یاسر شاہ 2 جب کہ شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور حارث سہیل ایک، ایک وکٹ اڑانے میں کامیاب ہوئے ،گرین کیپس آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن پر فائز ہو گئے،البتہ عالمی رینکنگ میں ٹیم بدستور آٹھویں نمبر پر ہی رہی۔ تفصیلات کے مطابق بارش سے متاثرہ راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا، دوسری جانب آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان ٹیم بدستور آٹھویں درجے پر ہی موجود رہی، بھارت کا نمبر پہلا ہے۔

پاکستان ٹیم کی کامیابی سے کھلاڑیوںاور کپتان اظہرعلی کے چہرے کی رونق بھی لوٹ آئی ، وہ شدید دباؤ میں تھے، کپتان نے کہاکہ بطور ٹیم عمدہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے آئی لینڈرز کو زیر کیا، اظہر علی کے مطابق بنگلہ دیش کے انکارپر آئی سی سی کو مداخلت اور ایکشن لینا چاہیے۔

احسان مانی کا بھی کہنا تھاکہ بنگلہ ٹیم نہ آئی تو معاملہ آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں بھی جا سکتا ہے۔ ٹیم کو اب اس معیار کو بھی برقرار رکھنا ہوگا، کیونکہ دنیا کی بہترین اور خطرناک ٹیموں سے مقابلہ ہوگا، جس میں ہمارے ہونہار اور نئے باؤلرز اور بیٹسمینوں کے جوہر اور ہنر سامنے آئیں گے، دوسری طرف ملک میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر پاکستان ٹیم کا سری لنکن ٹیم کے مقابل دوسرے ٹیسٹ میں کارکردگی کی نوعیت تاریخی قرار پائی، عابد علی میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی، گرین کیپس آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں تیسری پوزیشن پر فائز ہوگئے۔

عالمی رینکینگ میں ٹیم بدستور آٹھویں نمبر پر ہی رہی، جب کہ 16 سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا، انھوں نے سری لنکن بیٹسمینوں کو 16گیندوں تک ہی ٹکنے دیا، وہ ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کی سب سے بڑی دریافت ہیں۔ اپنی پہلی ہی گیند مہلک وار کرنے والے نسیم شاہ کے اننگز میں 5شکار اور آخری 3 بیٹسمین چوتھے دن کے اسکور میں کوئی اضافہ نہ کرپائے ، سنچری میکر فرنانڈو بھی بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

سیریز میں یادگار کامیابی پر ہم وطنوں نے کامیابی کا جشن منایا ۔ سری لنکن کپتان ڈیموتھ کرونارتنے نے پاکستان کو کرکٹ کے لیے 200فیصد محفوظ ملک قراردیا، انھوں نے کہا کہ کہ بحیثیت مجموعی یہ دورہ ہمارے لیے بہت اچھا رہا، ہم بھرپور میزبانی سے لطف اندوز ہوئے،سیکیورٹی انتظامات انتہائی شاندار تھے، انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کو پاکستان آنا چاہیے۔ یہ خوش آیند بات ہے کہ عابد علی نے پہلے ٹیسٹ سیریز میںاپنی صلاحیت منوالی اور پہاڑ کے رنز کھڑے کردیے، عابد علی ڈومسٹک کرکٹ کے احیا کا نتیجہ ہیں ۔

بورڈ حکام کے لیے ضروری ہے کہ وہ نئے ٹیلنٹ ہنٹ اسکیم کا تسلسل جاری رکھیں۔ پاکستان میں کرکٹ کا بڑا پوٹنشل موجود ہے، دنیا کرکٹ کو ایک صنعت کا درجہ دیتی ہے، اربوں ڈالر کی اس انڈسٹری میں پاکستانی اسٹارز ملک وقوم کے لیے سرمایہ ثابت ہوسکتے ہیں، اور اسی تناظر میں حکومت دیگر کھیلوں کو بھی ترقی دے کر کھیلوں کے عالمی نقشہ پر وطن کا نام سربلند رکھ سکتی ہے۔ہمارے پاس شاہین آفریدی جیسا بہترین پیسر موجود ہے، نسیم شاہ کو ٹیسٹ اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے دنیا کے دوسرے کم عمر ترین باؤلر کا اعزا حاصل ہوگیا۔امید ہے کامیابیوں کا یہ سفر جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں