الیکشن سے قبل لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی حکمت عملی بنانے کی ہدایت

تھر کول سے توانائی کا بحران ختم ہوجائیگا،صدرزرداری ،بلاول ہائوس میں توانائی کے جائزہ اجلاس کی صدارت

تھر کول سے توانائی کا بحران ختم ہوجائیگا،صدرزرداری ،بلاول ہائوس میں توانائی کے جائزہ اجلاس کی صدارت،احمد مختار نے بریفنگ دی۔ فوٹو: ایکسپریس

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ انتخابات کے انعقاد سے قبل لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے لیے جامع پالیسی مرتب کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہائوس میں توانائی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ قائم علی شاہ، وفاقی وزیر چوہدری احمد مختار، وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیراعظم کے مشیر برائے پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


اجلاس میں بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے جاری منصوبوں، متبادل ذرائع توانائی کے منصوبوں، بجلی کی طلب و رسد کے فرق کو ختم کرنے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا، اس حوالے سے وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے اجلاس میں بریفنگ دی، صدر نے کہا کہ حکومت ملک میں موجودہ توانائی کے بحران سے آگاہ ہے جسے کم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔صدر نے ہدایت کی کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور مختلف اداروں کے درمیان واجبات کی ادائیگی کے معاملے کو حل کرنے کے لیے ہفتہ وار بنیاد پر اجلاس منعقد کیے جائیں۔

بجلی کی چوری کی روک تھام اور نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لیے مربوط حکمت عملی اور پالیسی تشکیل دی جائے، صدر نے مزید ہدایت کہ بجلی کی پیداوار کو بڑھانے کیلیے تھرکول کے منصوبے سے استفادہ کیا جائے،تھر میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبے کے بعد پاکستان میں توانائی بحران کا مسئلہ حل ہوجائے گا،صدر نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ ملک کے تمام اضلاع میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور انڈسٹریل سیکٹر کو بجلی کی بروقت فراہمی کے لیے موثر لائحہ عمل طے کیا جائے تاکہ ملک میں معیشت کا پہیہ رواں دواں رہے۔

دریں اثناء صدر زرداری کی زیرصدارت بینظیر بھٹو ایمپلائز اسٹاک ایکشن پروگرام کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ، وفاقی وزراء چوہدری احمد مختار،ڈاکٹرعاصم حسین اور عبدالحفیظ شیخ نے شرکت کی، اجلاس میں سرکاری اداروں کے حصص ان اداروں کے کارکنان میں تقسیم کرنے کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں صدر مملکت نے ہدایت کی کہ اس پروگرام کے حوالے سے جاری منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔
Load Next Story