بلاول اگر بچہ ہے تو بچ کر کھیلے شیخ رشید

عمران خان احتساب خان ہے سب کا احتساب کرے گا، شیخ رشید


ویب ڈیسک December 25, 2019
عمران خان احتساب خان ہے سب کا احتساب کرے گا، شیخ رشید۔ فوٹو: فائل

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بلاول اگر بچہ ہے تو بچ کر کھیلے جب کہ عمران خان احتساب خان ہے سب کا احتساب کرے گا۔

راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ قائداعظم امن کے پیامبر تھے، آج ہندوستان میں شہریت بل کوچیلنج کر دیا گیا ہے، آج بھارت کا تمام مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے، بھارت کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے، بھارت نے میزائل بھی لگا دیے ہیں، پورا بھارت مودی کے خلاف اور آزادی کے لیے باہر نکل آیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک بھر سے کارکن لائے ان کے پاس بہت حرام کا مال ہے، جیالے 10 دن کا خرچہ لے کر راولپنڈی آئیں، راولپنڈی اہم شہر ہے، ایک طرف جی ایچ کیو دوسری طرف وفاقی دارالحکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول نے نیب کو خط لکھا مجھے پکڑا تو میں زیادہ خطرناک بن جاؤں گا، بلاول کہتا ہے میں بچہ تھا جب میں ڈائریکٹر تھا، اگر بچے ہو تو بچ کر کھیلو جب کہ کان کھول کر سن لو میں لاڑکانہ جلسہ کرنے جارہا ہوں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان احتساب خان ہے سب کا احتساب کرے گا، احتساب نہ ہوا تو جمہوریت نا مکمل رہے گی، یہ اپنی دولت بچانے کے لیے چیخ رہے ہیں اور عمران خان لوٹی ہوئی دولت واپس لینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حالات پر قابو پالے گا جب کہ عمران خان کہیں نہیں جارہا بلکہ اپوزیشن کی سیاست ختم ہورہی ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں ہمیں تمام تلخ فیصلے منظور ہیں، عدلیہ ختم ہو تو جنگل کا قانون آ جاتا ہے جب کہ دنیا کے کسی نظام میں لاش کو لٹکایا نہیں جاتا۔ انہوں نے کہا کہ متفقہ فیصلہ تھا کہ مریم نواز کو باہر نہیں جانے دینا، 6 ماہ پہلے کہا تھا شریفوں کو جانے دو اس وقت میری باتوں کو پسند نہیں کیاگیا، نوازشریف کی پلیٹ لیٹس یہاں ہی اوپر نیچے ہورہے تھے لندن میں جاکر ٹھیک ہوگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں