ڈاکوؤں نے شہر کی 2 بڑی مارکیٹوں سے50لاکھ روپے لوٹ لیے

پریڈی میں الیکٹرانک کمپنی کے دفتر سے21 لاکھ ،حیدری مارکیٹ میں صراف کی دکان سے 30 لاکھ روپے اورزیورات لوٹے


Staff Reporter November 05, 2013
سنارکی دکان کے گارڈز مارکیٹ گئے ہوئے تھے،شواہد جمع کرکے تفتیش شروع کردی ہے،پولیس۔ فوٹو ایکسپریس/فائل

پریڈی الیکٹرانک مارکیٹ اور حیدری مارکیٹ میں ڈاکو50 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پریڈی میں الیکٹرانک سامان بنانے والی کمپنی کے سیلزدفتر سے21 لاکھ روپے جبکہ حیدری مارکیٹ میں ملزمان سنار کی دکان سے 30 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور رقم لوٹ کر فرار ہو گئے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پریڈی تھانے کی حدود عبداﷲ ہارون روڈ پر واقع اورینٹ الیکٹرانکس پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے سیلزکے دفتر میں4ملزمان داخل ہو ئے اورعملے کو یرغمال بنانے کے بعد21 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،ایس ایس پی سائوتھ منیر احمد شیخ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈکیتی کی واردات کا واقعہ پر اسرار معلوم ہوتا ہے اور پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج میںکسی قسم کی نقل حرکت دکھائی نہیں دی،انھوں نے بتایا کہ پولیس نے تمام شواہد جمع کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔



ادھرحیدری تھانے کی حدود حیدری مارکیٹ میں واقع المصطفیٰ شاپنگ سینٹر میں قائم اسماعیل جیولری شاپ میں ملزمان داخل ہو ئے اورسنار کی دکان میں موجود افراد کو یرغمال بنانے کے بعد شوکیس میںرکھے لاکھوں روپے مالیت کے تیار زیورات ، خالص سونا اور تجوری میں موجود رقم لوٹ کر موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے، جیولری شاپ میں ڈکیتی کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی،ایس ایچ او حیدری عارف رزاق نے ایکسپریس کو بتایا کہ جیولری شاپ میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی تعداد 8سے10کے درمیان تھی جو کہ جیولری شاپ میں داخل ہوئے۔

باہر بھی ملزمان کے ساتھی موجود تھے جن کی تعداد کا علم نہیں،انھوں نے بتایا کہ ملزمان 10سے 12منٹ تک جیولری شاپ میں موجود تھے اور اس کے بعد اپنی کارروائی کے بعد فرار ہوگئے، انھوں نے بتایا کہ جیولری شاپ کی سیکیورٹی پر 2پرائیویٹ گارڈز تعینات تھے جو واردات کے وقت مارکیٹ گئے ہوئے تھے ، انھوں نے بتایا کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد شاہد عباس نے بتایا کہ جیولری شاپ میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزمان 30 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور رقم لوٹ کر فرار ہو ئے ہیں انھوں نے بتایا کہ پولیس نے تمام شواہد جمع کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں