وارن کی لفظی گولہ باری نے انگلش کیمپ میں آگ لگا دی

کک کی قیادت بے لطف اورمنفی ہے،ایسی پالیسی سے میچز نہیں جیت سکتے،سابق اسپنر


AFP November 05, 2013
میرے خیال میں کک کو اپنی قیادت میں رنگ بھرنے کی ضرورت ہے۔ شین وارن۔ فوٹو: فائل

لاہور: سابق آسٹریلوی اسپن بولر شین وارن نے لفظی گولہ باری سے انگلش کیمپ میں آگ لگا دی۔

انھوں نے کہا کہ مہمان کپتان الیسٹرکک کی قیادت بے لطف اور منفی ہے، ایسی پالیسی سے یہاں آسٹریلیا میں میچز نہیں جیتے جاسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا آغاز رواں ماہ ہورہا ہے، تاریخی معرکوں سے قبل ہی وارن نے حریف کپتان الیسٹر کک کی قائدانہ صلاحیتوں کو نشانہ بنا دیا، انھوں نے کہاکہ کک کی کپتانی منفی، بے لطف اور تخیل پردازی سے عاری ہے، اس کے باوجود وہ میچ جیت جاتے اور اس پر خوش بھی ہوتے ہیں، میرے خیال میں انھیں اپنی قیادت میں رنگ بھرنے کی ضرورت ہے۔



اگر آسٹریلیا اچھا کھیلااور کک اپنے پرانے انداز سے قیادت کرتے رہے تو پھر انگلینڈ یہ سیریز ہار جائے گا، وہ خود گیم کو اپنے حق میں موڑنے کے بجائے اس بات کا انتظار کرتے ہیں کہ کب صورتحال حق میں بہتر ہوتی ہے، میں نہیں سمجھتا کہ انگلینڈ جیسی سائیڈ کا ایسا کپتان ہونا چاہیے، میرے نزدیک اس وقت دنیا کے سب سے بہترین کپتان آسٹریلیا کے مائیکل کلارک ہی ہیں۔

ان میں کافی تخیل پردازی ہے، کک نے کبھی لیگ سلپ، بیٹ پیڈ اور لیگ گلی نہیں لی جبکہ کلارک نے جوناتھن ٹروٹ کو گھیرنے کے لیے ایسا کیا۔ وارن نے انگلینڈ کو مشورہ دیا کہ وہ ٹاپ آرڈر پر جوئے روٹ کو کھلانے کے بجائے مائیکل کیربیری کو بطور اوپنر بھیجے، انھوں نے کہا کہ روٹ کی تکنیک اوپنرز جیسی نہیں، وہ یہاں کی بائونسی اور فاسٹ پچز پر کینگرو اٹیک کیلیے چارہ ثابت ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں