سندھ کی سیاست میں بڑابریک تھرومہربرادران پی پی میںشامل

مہر سرداران جلسہ عام میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کاباضابطہ اعلان کرینگے


Staff Reporter September 03, 2012
باقاعدہ اعلان آصف زرداری کے دورہ گھوٹکی میں ہوگا،مہربرادران کی صدرمملکت سے ملاقات، فوٹو : فائل

KARACHI: سندھ کی سیاست میں ایک بڑے بریک تھروکے طورپرگھوٹکی کے معروف مہر سرداران نے اتوار کوبلاول ہاؤس میں صدرزرداری سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

تاہم اس بات کا فیصلہ ہوا ہے کہ صدرمملکت جلد مہر سرداران کی دعوت پرگھوٹکی کادورہ کرینگے جہاں پرمہر سرداران جلسہ عام میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کاباضابطہ اعلان کرینگے،پیپلز پارٹی ضلع گھوٹکی کے رہنما اور کارکنان مہربرادران کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے خلاف گزشتہ ہفتے سے احتجاج کررہے تھے جن کا موقف تھاکہ سردار برادران نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپاہے اس لیے ان کو پارٹی میں شامل کرکے پرانے کارکنان کی قربانیوںکوہرگز ضائع نہیں کیاجائے۔

تاہم مقامی قیادت کی خواہش کے برعکس اتوار کو سردار علی گوہر خان مہر،سردار محمد خان مہر، سردار علی نواز خان مہر اورسکھر کے سابق ناظم سید ناصر حسین شاہ پر مشتمل وفد نے بلاول ہاؤس میں صدرزرداری سے ملاقات کی،اس موقع پر ضلع گھوٹکی کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا،رکن قومی اسمبلی فریال تالپور اور سکھر سے رکن قومی اسمبلی و وفاقی وزیر سید خورشید شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

صدر آصف علی زرداری کی دعوت پر مہر برادران نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تاہم انھوں نے صدرزرداری کو ضلع گھوٹکی کے دورے کی دعوت دی جس کوصدرزرداری نے قبول کر لیا۔دریں اثناپیپلزپارٹی گھوٹکی کے رہنماؤں کے تحفظات کودورکرنے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ اور ایم این اے فریال تالپور کی مشترکہ زیرصدارت پیپلز پارٹی گھوٹکی کا اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج درانی،صوبائی وزیر آبپاشی جام سیف اﷲ دھاریجو، وزیر قانون و جیل خانہ جات محمد ایاز سومرو،جام اکرام اﷲ دھاریجو، قادر بخش کلوڑ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی،اجلاس میں گھوٹکی ضلع کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ضلع گھوٹکی کے پی پی عہدیداروں اورکارکنان نے اس موقع پر کہا کہ گھوٹکی ہمیشہ سے پیپلز پارٹی کا گڑھ رہاہے اس لیے آئندہ انتخابات میں بھی گڑھ ثابت ہوگا،کارکنان نے پی پی قیادت کو یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام تر توانائی پارٹی پروگرام کے فروغ کیلیے وقف کردینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں