کرپٹ عناصراور کرپٹ سیاستدانوں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں شوکت یوسفزئی

ماضی کے نالائق حکمرانوں نے ملک عالمی طاقتوں کے ہاتھوں گروی رکھ دیا تھا، صوبائی وزیراطلاعات


ویب ڈیسک December 26, 2019
سی پیک کی وجہ سے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سب سےموزوں ترین جگہ ہے، شوکت یوسفزئی فوٹوفائل

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پاکستان اللہ کی طرف سے تحفہ ہے تاہم ماضی کے نالائق حکمرانوں نے ملک عالمی طاقتوں کے ہاتھوں گروی رکھ دیا تھا کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے پیسہ عوام پر خرچ نہیں ہوسکا۔

وزیر اطلاعات نے مانچسٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا امیر اور غریب کے بیچ میں بہت بڑا خلا پیدا ہوا عمران خان کی قیادت میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہورہاہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کو شکست ہوگئی ہے۔ ملک ایک مضبوط معاشی ٹریک پر آچکا ہے قومی اداروں کو مستحکم بنانے کی کوشش ہورہی ہے۔

کرپشن سے پاک پاکستان کی بنیاد رکھی جا رہی ہے قائداعظم نے پاکستان کی بنیاد رکھ کر مسلمانوں اور اقلیتوں کے اوپر بہت بڑا احسان کیا آج ہندوستان کا سیکولر چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا۔ جہاں اقلیتوں اورکشمیریوں پر ظلم اور بربریت کے پہاڑ توڑ دیئے گئے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیاحت کا مرکز بن چکا ہے ایک عالمی میگزین نے بھی پاکستان کو سیاحت کے لیے نمبر ون ملک قرار دیا ہے۔ اللہ کا دیا ہوا سب کچھ پاکستان میں ہے۔ سیاحت کے لیے نئے نئے مقامات متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ امن کے قیام اور سی پیک کی وجہ سے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سب سےموزوں ترین جگہ ہے۔ اوورسیز پاکستانی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہیں انہی کی بدولت پاکستان کی معیشت چل رہی ہے حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دےگی۔ سرمایہ کاری کیلئے پاکستان موزوں ترین ملک ہے عسکری اور سیاسی قیادت پہلی بار ایک پیج پر ہے۔ کچھ لوگوں نے حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دھرنا پلان کیا لیکن وہ ناکام ہوگئے۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ عوام چاہتی ہے کہ کرپشن کرنے والوں کا احتساب ہو مگر وہ بیماریوں کا بہانہ بنا کر کر یہاں لندن پہنچ رہے ہیں۔ یہی بیمار لوگ اب لندن کی فضاؤں میں دوستوں کے ساتھ ہوٹلوں میں کھانوں کے مزے لے رہے ہیں۔ یہ بات طے ہے کہ اب کرپٹ عناصر اور کرپٹ سیاستدانوں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں آج بھی جب یہ سیاستدان باہر نکلتے ہیں تو لوگ ان کے خلاف آوازیں نکالتے ہیں اب یہ کرپٹ سیاستدان جہاں بھی جائیں گے عوام ان کا پیچھا کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں