کارکن الیکشن کی تیاری کریں میدان کھلا نہیں چھوڑینگے نواز شریف

حکمرانوں کے قول و فعل میں تضاد ہے،عوام کو اب جھوٹے وعدوں اور نعروں سے نہیں بہلایاجاسکے گا، صدر ن لیگ


INP September 03, 2012
حکمرانوں کے قول و فعل میں تضاد ہے،عوام کو اب جھوٹے وعدوں اور نعروں سے نہیں بہلایاجاسکے گا، صدر ن لیگ۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے صدرنوازشریف نے کہا ہے کہ حکمران کہتے کچھ اورکرتے کچھ ہیں، ان کے قول و فعل میں تضاد ہے ' عوام کو اب جھوٹے وعدوں اور نعروں سے نہیں بہلایا جاسکے گا۔

90روز میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرنے والے جھوٹ بول رہے ہیں ' کچھ نئے لوگ اقتدار میں آکر عوام کی زندگیوں میں انقلاب برپا کرنے کی باتیں کررہے ہیں لیکن ن لیگ اپنے ادوار میں اس کا آغاز کرچکی ہے ' کارکن عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، انشا اللہ کسی کے لیے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے ۔ وہ اتوار کو گجرات سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں چوہدری مظہر اقبال اور بریگیڈیئر (ر)الیاس سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

رہنمائوںنے پارٹی قائد کو وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں سے پریشان حال عوام کی مشکلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ عوام اب آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ نواز شریف نے کہا کہ حکمرانوںنے ملک کو اس نہج پرپہنچا دیا ہے جہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہے ' آج غریب عوام دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے پریشان ہیں اورانہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، اگر وفاقی حکومت کرپشن ' لوٹ مار اور عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرنے کی منصوبہ بندی کے بجائے ملک و قوم کے لیے سوچتی تو آج ملک کے حالات کچھ اور ہوتے ۔

انھوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر عوام کو اندھیروں میں رکھا، اگر وفاق میں بیٹھے حکمران حکومت سنبھالتے ہی توانائی بحران پر توجہ دیتے تو آج لوڈ شیڈنگ میں کافی حد تک کم ہوچکی ہوتی ۔ دریں اثناء نوازشریف نے موجودہ ملکی صورتحال ، نگراں حکومت کے قیام ، نئے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے قومی کمیشن کے معاملے پر غور کے لیے طلب کردہ اہم مشاورتی اجلاس ( آج) پیر کو مری میں ہوگا جس میں پارٹی کے سینئر لیڈروں سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب بھی شرکت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں