فوج کی جنگی مشقیں ختم ڈرون گرانے کا کامیاب تجربہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کا اظہار اطمینان

جنگی طیاروں،کوبراہیلی کاپٹرز،ٹینکوں نے کامیابی سے ٹارگٹس کوہٹ کیا،میزائل سے زمین سے فضا میں مارکرنے کا بھی تجربہ

خیرپورٹامیوالی:جنگی مشقوں کے دوران فوجی ملٹی بیرل راکٹ ہدف کی جانب داغا جارہاہے ۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI:
پاک فوج کی عزم نو فور جنگی مشقیں پیر کو بہاولپور کے صحرائی علاقے خیرپور ٹامیوالی میں کامیابی کیساتھ اختتام پذیر ہو گئیں ۔

ان مشقوں میں آرمی ایوی ایشن، آرمی ایئر ڈیفنس، انفنٹری اور آرمڈکور کی یونٹس کے علاوہ پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں اور کوبرا ہیلی کاپٹر ز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جنگی مشقوں کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم نواز شریف تھے جبکہ ان کے ہمراہ قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی تھے۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نواز شریف کے استقبال کیلیے ہیلی پیڈ پر اوپن ایئر جیپ خود چلا کر گئے اور واپسی پر انھیں ساتھ بٹھا کر لائے۔




کور کمانڈر ملتان عابد پرویز نے تقریب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج وطن کے دفاع کی مکمل صیلاحیت رکھتی ہے۔ پاک فوج کی جنگی مشقوں کے دوران جنگی طیاروں میراج، جے ایف تھنڈر، ایف سولہ اور بی سیون طیاروں نے کامیابی کیساتھ ٹارگٹ کو ہٹ کیا جبکہ کوبرا ہیلی کاپٹر زنے بھی نشانے پر بمباری کر کے اعلیٰ کارکردگی دکھائی۔ مشقوں میں الخالد ، الضرار اور ٹی ٹونٹی ٹینکوں نے بھی اہداف کو کامیابی کیساتھ ہٹ کیا ۔ جنگی مشقوں کی اختتامی تقریب کے موقع پر ڈرون گرانے کا بھی کامیاب تجربہ کیا گیا اور ٹینکوں کی گولہ باری سے ڈرون گرایا گیا۔

جبکہ سرفس ٹو ایئر میزائل سے زمین سے فضا میں مارکرنے کا بھی کامیاب تجربہ کیا گیا۔ توپ خانے کی مدد سے ملٹی ٹیوب لانچر بھی فائر کیے گئے۔ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل کیانی نے جنگی مشقوں میں حصہ لینے والے پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ وارانہ کارکردگی کی تعریف کی۔ عزم نو جنگی مشقیں بھارت کی جنگی مشقوں کولڈ اسٹارٹ کے جواب میں کی گئیں۔ بھارت کے ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر ٹھاکرال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی یہ مشقیں اعلیٰ پیشہ وارانہ نوعیت کی حامل ہیں ۔
Load Next Story