نوازشریف کا جنرل کاکڑسے17جنرل عزیزسے 14سال بعدسامنا

جنرل عزیزکوسامنے پا کرچہرے کے تاثرات بدل گئے،2 بارجنرل کیانی کی تعریف، مشاورت کی.

نواز شریف جنرل کیانی کے ہمراہ جوں ہی اسٹیج پر آئے تو لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عزیز کو سامنے پا کر ان کے چہرے کے تاثرات بدل گئے. فوٹو: فائل

پاک فوج کی عزم نو فورجنگی مشقوں کی اختتامی تقریب کے دوران وزیراعظم نواز شریف کاسابق آرمی چیف جنرل (ر) وحید کاکڑسے 17 سال جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کے قریبی ساتھی لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمد عزیز سے 14 سال بعد آمنا سامناہوا۔

نواز شریف جنرل کیانی کے ہمراہ جوں ہی اسٹیج پر آئے تو لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عزیز کو سامنے پا کر ان کے چہرے کے تاثرات بدل گئے جبکہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) وحید کاکڑ سے ہاتھ ملا کرجنرل کیانی کیساتھ بیٹھ گئے۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر کے دوران جنرل اشفاق پرویزکیانی کی 2 مرتبہ بھرپورتعریف کی اور کہا کہ پاک فوج کو پیشہ ورانہ امور میں ڈالنے اور فوجی جوانوں کا مورال بلند کرنے میں جنرل کیانی نے اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے تقریب میں مفصل تقریر کی اور بھارت کا نام لیے بغیردشمن سے ہرطرح سے نمٹنے کا عہد کیا۔




قبل ازیں کور کمانڈر ملتان عابدپرویز نے تقریب میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب کے دوران سینئر ترین جرنیل لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم اور لیفٹیننٹ جنرل راشدمحمود سمیت لیفٹیننٹ راحیل شریف بھی موجود تھے۔ہارون اسلم اور راشد محمود کھانے کی میز پر اکٹھے بیٹھے تھے جبکہ راحیل شریف دوسری ٹیبل پرموجود تھے۔ کھانے کی ٹیبل پر وزیراعظم نواز شریف جنرل کیانی سے اہم امورپرمسلسل گفتگو کرتے نظر آئے ۔نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم اورلیفٹیننٹ جنرل راشد محمود میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

تقریب کے آغاز میں تلاوت قرآن پاک کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا جبکہ اختتام میں اللہ اکبر کے نعرے لگائے گئے ۔ آخر میں مہمان خصوصی نواز شریف کے ساتھ جنرل کیانی سمیت اعلیٰ فوجی افسران نے فوٹوسیشن منعقد کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story