مریخ پر زندگی کی تلاش کے لئے بھارت کا پہلا خلائی مشن روانہ

بھارت سرخ سیارے پر خلائی مشن بھیجنے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا


ویب ڈیسک November 05, 2013
ساڑھے 4 ارب لاگت سے تیار شٹل میں 5 مخصوص آلات موجود ہیں جو مریخ کے بارے میں اہم معلومات جمع کرنے کا کام کریں گے۔ فوٹو؛اے ایف پی

بھارت نے مریخ پر زندگی کی تلاش کے لئے پہلا خلائی مشن روانہ کردیا جس کے بعد بھارت سرخ سیارے پر خلائی مشن بھیجنے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا۔

ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا جانے والا 1.35 ٹن وزنی خلائی راکٹ بھارت کے معیاری وقت کے مطابق 2 بج کر 35 منٹ پر بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے شری ہری کوٹہ سے روانہ کیا گیا۔ بھارت کی جانب سے سرخ سیارے پر زندگی کے آثار کا جائزہ لینے کےلئے خلائی شٹل کو 10 ماہ کے سفر پر روانہ کیا گیا ہے۔ اس دوران وہ 24 کروڑ 92 لاکھ کلو میٹر سے زائد کا فاصلہ طے کرے گا۔

شٹل میں 5 مخصوص آلات موجود ہیں جو مریخ کے بارے میں اہم معلومات جمع کرنے کا کام کریں گے۔ ان آلات میں مریخ کی سطح پر زندگی کی علامات اور میتھین گیس کا پتہ لگانے والے سینسر، ایک رنگین کیمرہ اور سیارے کی سطح اور معدنیات کا پتہ لگانے والا تھرمل امیجنگ اسپیکٹرومیٹر جیسے آلات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت مریخ پر خلائی مشن بھیجنے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا ہے۔ اس سے قبل 2008 میں چاند کے لیے بھارت کی بغیر انسان کے مہم انتہائی کامیاب رہی تھی۔ اس مہم سے ہی چاند پر پانی کی موجودگی کا پہلا ٹھوس ثبوت ملا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں