ایم کیو ایم کا کراچی میں یکطرفہ حلقہ بندیوں اورنئےضلع کی تشکیل پر اظہارتشویش

کراچی میں صوبائی حکومت نے بلدیاتی حلقہ بندیوں اور نئے ضلع کی تشکیل پر اعتماد میں نہیں لیا،رابطہ کمیٹی


ویب ڈیسک November 05, 2013
کراچی میں نئی حلقہ بندیوں پر آئینی اور قانونی مشاورت جاری ہے، ترجمان ایم کیو ایم فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں نئے ضلع کے قیام اور بلدیاتی انتخابات کے سلسلے کی جانے والی یک طرفہ حلقہ بندیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور لندن کے انٹر نیشنل سیکریٹریٹ میں رابطہ کمیٹی کے مشترکہ ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کراچی میں کورنگی کے نام سے نئے ضلع کی تشکیل، بلدیاتی انتخابات اور اس سلسلے میں کی جانے والی حلقہ بندیوں پر غور کیا گیا۔ ایم کیو ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ کراچی میں صوبائی حکومت نے بلدیاتی حلقہ بندیوں اور نئے ضلع کی تشکیل پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا، اس سلسلے میں رابطہ کمیٹی کا آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں ''کورنگی'' کے نام سے نئے ضلع کے قیام کا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے اور اس میں لانڈھی ٹاؤن، کورنگی ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی اور ماڈل کالونی کے علاقے شامل ہیں جبکہ نئے ضلع کے قیام کے باعث دیگر اضلاع کی حدود بندیوں میں بھی ردو بدل کیا گیا ہے جس کے مطابق کراچی شرقی اب جمشید کوارٹر، گلشن اقبال اور گلستان جوہر پر مشتمل ہوگا، ضلع ملیر بن قاسم، ابراہیم حیدری، گڈاپ اور شاہ مرید کے علاقوں پر مشتمل ہوگا۔ کراچی غربی میں اورنگی ، بلدیہ، سائٹ اور معین آباد شامل ہوں گے۔ کراچی وسطی میں لیاقت آباد، گلبرگ، ناظم آباد، نیو کراچی کے علاقے جب کہ کراچی جنوبی میں صدر، آرام باغ، سول لائن، گارڈن، لیاری، ہاربر اور ماڑی پور کے علاقے شامل ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں