تیسرے ون ڈے میں کھلاڑیوں کو بہترکارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا مصباح الحق

کسی بھی سیریزکا تیسرا میچ اہم ہوتا ہے اورجو بھی ٹیم یہ میچ جیتے گی ہووہ سیریز جیتنے کی بہتر پوزیشن میں ہوگی،مصباح الحق

ہاشم آملا اور ڈیل اسٹین کی جنوبی افریقا کی ٹیم میں واپسی سے مخالف ٹیم مظبوط ہوئی ہے، مصباح الحق فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ انتہائی اہم ہے اور کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھانی ہوگی۔

ابو ظہبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیریز کا تیسرا میچ انتہائی اہم ہوتا ہے، جو بھی یہ میچ جیتے گا سیریز جیتنے کی بہتر پوزیشن میں ہوگا، مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ کے لئے ٹیم میں ایک سے 2 تبدیلیاں کی جائیں گی، ہاشم آملا اور ڈیل اسٹین کی جنوبی افریقا کی ٹیم میں واپسی سے مخالف ٹیم مظبوط ہوئی ہے تاہم قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پروٹیز کے خلاف جیت کے لئے بھرپور تیاری کی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ تیسرے ایک روزہ میچ کے لئے ٹیم میں صہیب مقصود اور جنید خان کو اوپنر ناصر جمشید اور آل راونڈر وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔


دوسری جانب جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلیئر کا کہنا تھا کہ تیسرے میچ کے لئے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی جائیں گی، اب تک ٹیم پریشر میں کھیلی لیکن ہاشم آملہ کے ٹیم میں واپس آنے سے بیٹنگ لائن مضبوط ہو گی اور بیسٹمینوں کو جیت کے لئے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ابتدائی 2 میچوں میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ سیریز کا تیسرا میچ کل ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔
Load Next Story