ڈنگی وائرس سے مزید ہلاکتیں سدباب کیا جائے

ملک بھر میں ڈنگی وائرس نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے، خاص کر صوبہ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہرڈنگی سےشدیدمتاثر ہیں۔


Editorial November 05, 2013
ملک بھر میں ڈنگی وائرس نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے، خاص کر صوبہ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہر ڈنگی سے شدید متاثر ہیں۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں ڈنگی وائرس نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے، خاص کر صوبہ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہر ڈنگی سے شدید متاثر ہیں۔ گزشتہ روز کراچی میں ڈنگی وائرس نے ایک اور مریض کی جان لے لی جس کے بعد کراچی میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 23 ہوگئی جب کہ رواں سال میں ڈنگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 900 ہوگئی ہے۔ ڈنگی سرویلینس سیل کے مطابق کراچی میں مزید19افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔ ادھر ماہرین طب نے کہا ہے کہ حکومت اور صوبائی محکمہ صحت نے ڈنگی وائرس کے خاتمے اور متاثرہ مریضوںکوعلاج کے حوالے سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیںکیے، سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ مریضوںکی اکثریت نجی اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہے، ان ماہرین نے کہاکہ ڈنگی سرویلینس سیل کو حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے فنڈ جاری ہونے کے بعد بھی کوئی آگاہی مہم شروع کی اور نہ عوام میں اس مرض سے بچاؤ کے لیے کوئی اقدامات کیے، کراچی میں مچھروں کے خاتمے کے لیے بھرپور اور موثر جراثیم کش ادویات اسپرے مہم شروع کی جائے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈنگی کے مرض کے پھیلائو کی وجوہات اور ڈنگی سے ہونے والی اموات کے ذمے داروں کا تعین کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈنگی سے ہونے والی اموات انتہائی قابل افسوس ہیں اور مرض کے پھیلائو میں متعلقہ محکموں کی بدترین غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سول سیکریٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب میں منتخب نمایندوں اور اداروں کو بالکل بروقت اور صائب ہدایت کی کہ ڈنگی کے خاتمہ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ دیگر صوبوں کے منتظمین کو بھی ایسے بھی اقدامات کی طرف اپنی توجہ مبذول کرنی چاہیے ورنہ کہیں ایسا نہ ہو کہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ جو اس وبا سے کسی حد تک محفوظ ہیں وہ بھی ڈنگی کی لپیٹ میں آجائیں۔ ڈنگی وائرس کی تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے اس کے فوری سدباب کی ازحد ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں