یوسی ٹنڈو سائیں داد ختم کرنے پر شہریوں کا دھرنا کمشنر4گھنٹے محصور رہے

مظاہرین نے ڈی سی آفس پر تالے ڈال دیے، داخلی و خارجی راستے بند.


Nama Nigar November 06, 2013
کمشنر حیدرآباد ٹنڈومحمد خان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کی گئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت کے لیے گئے تھے۔ فوٹو: فائل

ٹنڈو محمد خان میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف اعتراضات کی سماعت کے موقع پر ٹنڈو سائیں داد یونین کونسل ختم کرنے کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی سی آفس کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے۔

کمشنر حیدرآباد 4 گھنٹے تک ڈی سی آفس میں محصور ہو کر رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر حیدرآباد جمال مصطفی سید نے ڈسٹرکٹ ہال میں ضلع ٹنڈو محمد خان میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف اعتراضات کی سماعت کی۔ مجموعی طور پر 35 اعتراضات سنے گئے جن میں سے12 درست قرار دے کر ان حلقہ بندیوں کو درست کرنے کے احکام جاری کیے گئے، 22 اعتراضات مستردکر دیے گئے جبکہ ٹنڈو سائیں داد یونین کونسل ختم کیے جانے کے خلاف اعتراضات کی دوبارہ سماعت کے لیے9 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی۔

تاہم اعتراض کنندہ سابق ضلعی نائب ناظم پیر اشفاق جان سرہندی نے کمشنر کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیاں سیاسی بنیادوں پر کچھ وڈیروں کو خوش کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔



جبکہ روحانی حیثیت رکھنے والی ٹنڈو سائینداد یونین کونسل کانام ہی ختم کردیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران ٹنڈو سائینداد یونین کونسل کے رہائشیوں نے ڈی سی آفس کے باہر جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر حیدرآباد بدین مین روڈ بند کردیا۔ مظاہرین نے ڈی سی آفس کے مین گیٹ پر تالے ڈال دیے اور اس کے داخلی اور خارجی راستے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیے۔

جس کے باعث کمشنر حیدرآباد ڈی سی آفس میں محصور ہو کر رہ گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ٹنڈو سائیں داد کی پرانی حیثیت کی بحالی تک کمشنر کو نہیں جانے دیں گے۔ مقامی انتظامیہ نے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی۔ بعد ازاں پیر اشفاق جان سرہندی سے بات چیت کے بعد کمشنر نے ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان آصف علی میمن کو مذکورہ علاقے کی حد بندی کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت کی، جس کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں