امریکا میں دھند کے باعث مسافر طیارہ گر کر تباہ 5 افراد ہلاک

ریاست لوویزیانا میں موسم کی خرابی اور شدید دھند کے باعث طیارہ گرکرتباہ ہوا


ویب ڈیسک December 29, 2019
طیارے کے ایک مسافر کو شدید زخمی حالت میں بچالیا گیا، فوٹو : فائل

امریکی ریاست لوویزیانا میں موسم کی خرابی اور شدید دھند کے باعث ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست لوویزیانا کے مقامی ایئرپورٹ سے نجی طور پر استعمال ہونے والا ایک چھوٹا طیارہ پرواز بھرنے کے تھوڑے ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 5 مسافر ہلاک ہوگئے جب کہ ایک زخمی کو بچالیا گیا۔ عوامی مقام پر طیارہ گرنے کے باعث 3 شہری بھی زخمی ہوئے۔

طیارے میں 6 افراد موجود تھے جو ایک فٹبال میچ دیکھنے کیلیے اٹلانٹا جارہے تھے۔ ایئرپورٹ سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر طیارے کا ملبہ مل گیا ہے، ریسکیو اہلکاروں نے ملبے میں سے 5 لاشوں اور ایک زخمی مسافر کو نکال لیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔



عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پرواز کے وقت موسم شدید خراب اور دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم تھی، ممکنہ طور پر طیارہ کسی چیز سے ٹکرایا جس کے بعد ایک انجن سے دھواں نکلنا شروع ہوگیا اور طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی نیویارک اور شمالی کیرولینا میں دو چھوٹے طیارے پرواز بھرتے ہی گر کر تباہ ہوگئے تھے تاہم دونوں واقعات میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ ایک طیارہ تو پارکنگ لاٹ میں ہی گر گیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں