نارنجی کے وہ فوائد جن سے عام افراد بھی ناواقف

نارنجی اور کینو سے فالج اور امراضِ قلب کا خطرہ ٹلتا ہے اور خون کا بہاؤ بہترہوتا ہے


ویب ڈیسک December 30, 2019
اورنج اور کینو لگ بھگ 80 غذائی اجزا اور مفید کیمیکل سے بھرپور ہوتے ہیں اور کئی بیماریوں سے روکتے ہیں (فوٹو: فائل)

سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی خوشبودار نارنجیاں اور کینو ہر جگہ دکھائی دے رہے ہیں۔ قدرت کے اس انمول تحفے میں بہت سے قیمتی اجزا اور شفا کے خزانے پوشیدہ ہیں۔ پہلے تازہ تحقیق سے جائزہ لیتے ہیں کہ نارنجی اور کینو کس طرح امراضِ قلب اور بلڈ پریشر کو روکتے ہیں۔

فالج، بلڈ پریشر اور امراضِ قلب میں مفید

ماہرین نے مسلسل 15 سال تک 28 ہزار افراد کا جائزہ لیا جس میں پھل اور سبزیوں کے دماغی قوت اور صحت سے تعلق کی تصدیق کرنا تھا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اگر کوئی مرد روزانہ اورنج جوس کے ایک چھوٹے گلاس پینے کو معمول بنالے تو اس سے حافظہ متاثر ہونے کا خدشہ 47 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

ہالینڈ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ انوائرمنٹ نے یورپی کینسر اینڈ نیوٹریشن پروگرام کے تحت 35 ہزا رافراد کا 15 سال سے زائد عرصے تک سروے کیا جن میں 20 سے لے کر 70 سال تک کے افراد شامل تھے۔ اس سروے کا مقصد غذا، صحت یا اس سے ہونے یا نہ ہونے والی بیماریوں کے بارے میں معلوم کرنا تھا۔

تاہم تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نہ صرف نارنجی کے جوس سے فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے بلکہ دیگر اقسام کے تازہ پھلوں کا رس بھی اسے روکنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع رپورٹ کا نتیجہ یہ ہے کہ اگر ہفتے میں 8 مرتبہ نارنجی کا رس پیا جائے تو فالج کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جبکہ ایک دن چھوڑ کر ایک دن یہ رس پینے سے فالج کا خطرہ 20 فیصد تک ٹلتا ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ اورنج جوس دل کے امراض کے خطرے کو بھی دور کرتا ہے اور اس سے دل کی شریانوں کے متاثر ہونے کا خدشہ 12 سے 13 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔ اس کے رس میں پھل کے تمام اہم کیمیکلز اور فلے وینوئڈز پائے جاتے ہیں جس سے خون کے لوتھڑے بننے کی شرح کم ہوتی ہے اور یوں فالج یا لقوے کا خطرہ کم سے کم ہوتا جاتا ہے۔

خوبصورت جلد اور چہرہ شاداب

نارنجیوں اور کینو میں کئی طرح کے فلے وینولز خون کی روانی کو بڑھاتے ہیں۔ اس کا اثر پورے جسم پر ہوتا ہے۔ پھر وٹامن سی، فائبر، وٹامن بی ون اور دیگر اہم اجزا سے بھرپور نارنجیاں دیگر 80 غذائی اجزا اور کیمیکل سے بھرپور ہوتی ہیں۔

بلڈپریشر قابو میں رکھے

نارنجی اور کینو میں پوٹاشیئم کی وجہ سے بلڈ پریشر قابو میں رکھا جاسکتا ہے۔ امریکا میں کیے گئے ایک سروے سے جو نتائج سامنے آئے ہیں ان سے معلوم ہوا ہے کہ ایک ماہ تک ایک گلاس اورنج جوس پینے سے بلڈ پریشر کو کئی یونٹ تک کم کرکے اسے کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

کینو اور کینسر

نارنجیاں اور کینو کے استعمال سے کئی طرح کے کینسر کے خطرے سےبچا جاسکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان پھلوں میں اینٹی آکسیڈنٹس کی وسیع مقدار ہوتی ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹس خلوی (سیلیولر) سطح پر بگاڑ کو روکتے ہیں۔ بصورتِ دیگر فری ریڈیکلز کسی نہ کسی طرح کے سرطان کی وجہ بن سکتے ہیں۔

دو چھوٹے مطالعات سے یہ معلوم ہوا کہ اورنج جوس کا باقاعدہ استعمال جلد اور آنتوں کے سرطان کو روکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں