ملک میں قہر کی سردی میدانی علاقوں میں شدید دھند

بالائی علاقوں میں پارہ منفی 25 ریکارڈ، اسکردو میں ٹھنڈ کا 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، دریائے شیوک، ندی، نالے منجمد

پشاور میں درجہ حرارت پہلی بار منفی ایک، شدید ٹھنڈ سے بچے، بزرگ بیمار پڑنے لگے، کار حادثے میں 10 افراد جاں بحق ۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

کراچی سے خیبر اور گلگت سے گوادر تک ملک بھر میں سردی کی شدید لہرہے۔

بعض علاقوں میں قہرکی سردی پڑنے لگی ہے۔میدانی علاقوں میں شدید دھندکاراج ہے۔شدید دھند کے باعث پشاور تا مردان موٹروے بندکردی گئی۔دوسری جانب دھند کے باعث پھالیہ میں کارحادثے میں 2دوستوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکے روز بھی اسلاآباد، پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدیددھند چھائے رہنے کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقے جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع شدیددھند کی لپیٹ میں رہے۔بالائی علاقوں میں منفی 25 ریکارڈ کیا گیا ہے۔


جس کے باعث دریائے شیوک منجمد ہو گیا۔سکردو میں یخ بستہ موسم کے سبب ٹھنڈ کا 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔درجہ حرارت منفی 20 تک گر گیا۔ ندی، نالے جم گئے۔پانی کی لائنوں کے بعد گاڑیوں کے آئل بھی جمنے لگے ۔ ہر طرف برف کے ڈھیر لگنے سے بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔استور میں پارہ منفی گیارہ، گلگت اور زیارت میں منفی سات تک گر گیا۔گیس نہ ہونے کی وجہ سے بچے اور بزرگ بیمار پڑنے لگے جبکہ لکڑی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں پہلی مرتبہ درجہ حرارت منفی ایک تک گرگیا۔کالام منفی پانچ، پاراچنار منفی چار ، چترال مالم جبہ منفی دو، دیر منفی تین ریکارڈ کیا گیا۔اسلام آباد میں درجہ حرارت دو، لاہور پانچ اور کراچی میں دس ریکارڈ کیا گیا۔کوئٹہ منفی 3، قلات منفی 7، زیارت منفی 9ریکارڈکیاگیا۔کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزیداضافہ ہوگا۔سوات،کالام،کاغان اور گلیات میں بھی شدید برف باری ہو رہی ہے ۔

اتوار کے روز شدید دھند سے خیبر پختونخواہ کے بیشتر علاقوں میںمعمولات زندگی ٹھپ ہوکررہ گئے۔دھند اور حد نگاہ صفر ہونے پر موٹر وے حکام نے شام 7 بجے سے پشاور تا مردان موٹر بند کر دیا۔سوات، بحرین،کالام ،دیر ، شاہنگلہ ، سوات میں پہاڑوں پر برفباری کی وجہ سے نہ صرف سردی کی شدت میں اضافہ ہوا بلکہ مقامی ابادی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں کے اسکولوں کی چھٹیوں میںتوسیع کردی گئی۔سکول اب یکم جنوری کے بجائے7جنوری کو کھلیں گے۔ پھالیہ سے گجرات شادی کی تقریب میں جانے والی گاڑی کو دھند کے باعث حادثہ پیش آگیا۔شاہین چوک کے قریب دھند کے باعث کار کھڑی ٹرالی سے ٹکرا گئی۔دو دوست جاں بحق 3 شدید زخمی ہو گئے۔ دھند کے باعث لاہوراورملتان ائیر پورٹ پر فضائی آپریشن متاثر رہا۔دھند کے باعث ملک بھرمیں ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔
Load Next Story