ٹنڈولکر کی الوداعی سیریز میں کرکٹ اوجھل ہوکر رہ گئی

بھارت اور ویسٹ انڈیز کا پہلا ٹیسٹ آج کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں شروع ہوگا

ہم اپنی توجہ صرف کھیل پر رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔دھونی۔ فوٹو: فائل

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز بدھ سے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہورہا ہے۔

سچن ٹنڈولکر کی الوداعی سیریز میں کرکٹ اوجھل ہوکر رہ گئی، پوری دنیا کی توجہ صرف لٹل ماسٹر پر مرکوز ہوچکی، کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ ہم اپنی توجہ صرف کھیل پر رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز بھی رنگ میں بھنگ ڈالنے کو تیار ہے، ڈیرن سیمی نے کہاکہ ہماری نظر صرف ایک کھلاڑی پر نہیں پوری حریف ٹیم پر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر اپنے کیریئر کی اختتامی سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہیں، ویسٹ انڈیز سے 2میچز کے بعد وہ ہمیشہ کیلیے کھیل سے الگ ہو جائیں گے،اس اعلان کی وجہ سے سیریز کی اہمیت کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، عام حالات میں ایڈن گارڈنز میں اس میچ کے عام دنوں میں چند سو شائقین کی آمد ہوتی مگر ٹنڈولکر کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے تمام پانچوں دنوں کی ٹکٹیں ہاتھوں ہاتھ بک چکی ہیں، پہلی بار یہاں کوئی پانچ روزہ مقابلہ فل ہائوس کے سامنے منعقد ہوگا۔




کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے ٹنڈولکر کے سیکنڈ لاسٹ ٹیسٹ کو یادگار بنانے کیلیے مختلف پروگرام ترتیب دیے ہیں، اسی گہماگہمی میں کرکٹ کہیں کھو کر رہ گئی، بہت کم ہی ایسا ہوتا ہے جب کسی سائیڈ ایونٹ کی وجہ سے مین ایونٹ ہی دب کر رہ جائے اس سیریز کے ساتھ بھی ایسا ہی ہونے والا ہے، پوری دنیاکی توجہ صرف ماسٹر بیٹسمین پر مرکوز ہوگی۔ کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو بھی اس بات کا اچھی طرح احساس ہے اس لیے انھوں نے اپنی ٹیم کو پہلے سے ہی خبردار کردیاکہ توجہ صرف کھیل پر مرکوز رکھیں، انھوں نے کہا کہ کسی بھی پلیئر کی جانب سے پہلے ہی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردہ اایک طرح سے اچھا ہی ہوتا ہے، لوگ ذہنی طور پر تیار ہوجاتے ہیں، ہم پوری کوشش کریں گے کہ توجہ صرف کرکٹ پر ہی رہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی تو ہے کہ ٹنڈولکر کی اختتامی سیریز کا حصہ ہیں مگر ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہماری توجہ پوری ٹیم پر ہوگی، ہم ٹنڈولکر کو بڑا مجموعہ نہیں بنانے دیں گے۔واضح رہے کہ وکٹ بیٹنگ کیلیے موزوں رہنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، کیوریٹرز نے بھی ایک طرح سے ٹنڈولکر کو رنز کا انبار لگانے کا موقع فراہم کردیا ہے۔
Load Next Story