بھارتی کپتان کو ٹیم میں آل راؤنڈرز کی کمی پر تشویش

رویندرا جڈیجا کے کندھے کی انجری کا شکار ہونے سے مسائل بڑھ گئے، مہندرا دھونی


Sports Desk November 06, 2013
بھارتی ٹیم ان فارم روہت شرما کو بھی ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع فراہم کرسکتی ہے. فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹیم میں آل رائونڈرز کی کمی پر تشویش کا اظہار کردیا۔

انھوں نے کہاکہ رویندرا جڈیجا کے کندھے کی انجری کا شکار ہونے سے مسائل بڑھ گئے، ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں حقیقی آل رائونڈر کی کمی محسوس ہوگی جو بولنگ کے ساتھ ضرورت پڑنے پر اپنی بیٹنگ سے بھی ٹیم کو فائدہ پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہو، میڈیا سے بات چیت میں دھونی نے کہاکہ جڈیجا کی عدم دستیابی سے ٹیم کا توازن متاثر ہوگیا، آل رائونڈر کی کمی ہمارے لیے کچھ تشویش کا سبب ہوگی، میں ہمیشہ سے یہ کہتا ہوں کہ ہمیں ایسے سیم بولر یا فرنٹ لائن اسپنر کی ضرورت ہے جو بیٹنگ بھی کرسکتا ہو، اس وقت آپ اندازہ نہیں کرسکتے کہ ہمارے لیے ایسے پلیئر کی کتنی اہمیت ہے، لوگ خواہ مخواہ بہت زیادہ تنقید کرتے ہیں۔



انھوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں ہمیں رویندرا جڈیجا کا ساتھ میسر نہیں ہے،اب ایسے میں ہم سوچ رہے ہیں کہ پانچویں بولر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنائیں یا پھر کسی اسپنر کو موقع دیں جو بیٹنگ بھی کرسکے، ہمیں لازمی طور پر ایسے موزوں پلیئر کا انتخاب کرنا ہے جو عمدگی سے ذمہ داری نبھا سکے، ٹیم کے پاس پلان ' بی' اور 'سی ' کا موجود رہنا ہمیشہ سے کارآمد ہوتا ہے، سردست ہمارے پاس فیصلہ کرنے کیلیے زیادہ آپشنز نہیں ہیں۔

کپتان نے کہا کہ بھارتی ٹیم ان فارم روہت شرما کو بھی ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع فراہم کرسکتی ہے، وہ پارٹ ٹائم آف اسپن بولنگ سے بھی ٹیم کو فائدہ پہنچانے کی اہلیت رکھتے ہیں، چھٹی پوزیشن پر روہت شرما یا اجنکیا راہنے کو کھلانے کے سوال پر دھونی نے کہا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ ہم 4یا پھر 5بولرز کے ساتھ میچ میں حصہ لیتے ہیں، یہ ہمارے لیے مشکل فیصلہ ہے، دھونی نے ایک سوال پر کہا کہ فاسٹ بولر محمد شامی ہمارے ٹیسٹ پلان کا حصہ ہیں، وہ قواعد میں تبدیلیوں کے بعد سے نئی گیند سے ہمیں کامیابیاں دلاسکتے ہیں، شامی عمدہ یارکرز بھی کرتے ہیں، ہمیں ان کی فٹنس یقینی بنائے رکھنے پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیسٹ میچز میں بڑے اسپیل بھی کرسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں