وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر صوبے بھر میں ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم

سی ویو پر کنٹینر نہ لگائے جائیں اور عوام کو کسی طریقے سے بھی تنگ نہیں کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

امید ہے کہ 2020 سندھ کی خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔فوٹو : فائل

کمشنر کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی۔

کمشنر کراچی کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ڈبل سواری پر پابندی ختم کی جارہی ہے تاہم اسلحہ کی نمائش، آتش گیر مواد رکھنے اور ون ویلنگ پر پابندی جاری رہے گی۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ شہری نئے سال کا جشن ذمہ داری کے ساتھ اور مہذب انداز میں منائیں۔


وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام کو نئے سال کی مبارکباد دی اورسی ویو پر کنٹینر لگانے سے انتظامیہ کو سختی سے منع کیا، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کرا چی اور پولیس چیف کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو کسی طریقے سے بھی تنگ نہیں کیا جائے، یہ شہر آپ کا ہے اس کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ اسلحہ اور نشہ آور اشیاء کا استعمال نہیں کیا جائے، کسی سے بھی بدتمیزی کرنا ناقابل برداشت ہوگا، یہ سی ویو آپ کا ہے عزت، محبت اور قانون کے احترام سے نئے سال کی خوشیاں منائیں، امید ہے کہ 2020 سندھ کی خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔
Load Next Story