وفاقی حکومت کا آئی جی خیبر پختون خوا کو فوری تبدیل کرنے کا فیصلہ

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے آئی جی خیبر پختون خواہ کیلئے تین نام وزیر اعظم آفس کو بھجوا دیئے ہیں

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے آئی جی خیبر پختون خواہ کیلئے تین نام وزیر اعظم آفس کو بھجوا دیئے ہیں، فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نےانسپکٹرجنرل پولیس خیبر پختون خواہ ڈاکٹر نعیم کو فوری عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق موجودہ آئی جی کے پی کے ڈاکٹر نعیم کو عہدے سے ہٹایا کر او ایس ڈی بنایا جاسکتا ہے، رواں برس 9 فروری کو ڈاکٹر محمد نعیم نے آئی جی کے پی کے کا چارج سنبھالا تھا اور محض گیارہ ماہ آئی جی کے پی کے تعینات رہنے کے بعد انہیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

قبائلی علاقوں میں پولیس نظام کے نفاذ پر مبینہ اختلافات سامنے آئے تھے جس پر یہ فیصلہ کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر نعیم کے پیشرو صلاح الدین خان کوبھی اختلافات پر صرف 5 ماہ میں تبدیل کیا گیا تھا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے آئی جی خیبر پختون خواہ کیلئے تین نام وزیر اعظم آفس کو بھجوا دیئے ہیں جس میں کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد طاہر،ڈی جی آئی بی محمد سلیمان اور آئی جی گلگت بلتستان ثناء اللہ عباسی کے نام شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نئے آئی جی کا نوٹیفیکیشن جاری کرے گا۔
Load Next Story