عراق کے دارالحکومت بغداد میں مظاہرین کا امریکی سفارتخانے پر دھاوا

مشتعل مظاہرین نے سفارتخانے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی اور سیکورٹی کیمرے توڑ دیے


ویب ڈیسک December 31, 2019
مشتعل مظاہرین نے سفارتخانے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی اور سیکورٹی کیمرے توڑ دیے، فوٹو: رائٹرز

عراق کے دارالحکومت بغداد میں سیکڑوں مظاہرین نے امریکی سفارتخانے پر دھاوا بول دیا اور دیوار پر چڑھ کر جھنڈے لہراتے رہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عراق اور شام میں ایران کی حامی تنظیموں کے اڈوں پر امریکی فضائی بمباری میں 25 سے زائد افراد کی ہلاکت کے خلاف مظاہرین نے بغداد میں شدید احتجاج کیا۔

ہلاک شدگان کی تدفین کے بعد مشتعل ہجوم نے بغداد کے انتہائی سیکورٹی والے علاقے کی جانب مارچ کیا اور امریکی سفارتخانے پر دھاوال بول دیا۔ مشتعل مظاہرین نے سفارتخانے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی، پانی کی بوتلیں پھینکیں ،امریکا مخالف شدید نعرے بازی کی اور سیکورٹی کیمرے توڑ دیے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے امریکا کو 'کتائب حزب اللہ' کیخلاف کارروائی کے نتائج سے خبردار کردیا

بعض مظاہرین سفارتخانے کی دیوار پر چڑھ کر جھنڈے لہراتے رہے جب کہ عمارت پر امریکا مخالف وال چاکنگ بھی کی۔ حملے کے باعث امریکی سفیر اور عملے کو بحفاظت باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

مظاہرین کو روکنے کے لیے عراقی اسپیشل فورسز کے دستے کو مرکزی دروازے اور گرد و نواح میں تعینات کر دیا گیا ہے، مظاہرین کو پر امن طور پر منتشر کرنے کے لیے قائدین سے بات چیت کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے عراق اور شام میں کتائب حزب اللہ کیخلاف کارروائی پر امریکا کو نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کھلم کھلا دہشت گردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں