سندھ میں 27 نومبر اور پنجاب میں 7 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے الیکشن کمیشن

انتخابات کے لئے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 سے 18 نومبر تک ہوگی، الیکشن کمشین


ویب ڈیسک November 06, 2013
سندھ میں کاغذات نامزدگی 24 نومبر اور پنجاب میں 27 نومبر کو واپس لئے جاسکیں گے، الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے صوبہ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق صوبہ سندھ میں 27 نومبر جبکہ پنجاب میں 7 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے، انتخابات میں حصہ لینے کے لئے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 سے 18 نومبر تک ہوگی جبکہ سندھ میں کاغذات 24 نومبر اور پنجاب میں 27 نومبر کو واپس لئے جاسکیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکا مات کے مطابق جاری کیا گیاہے۔ اشتیاق احمد نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایت جاری کردی ہیں اور دونوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو آئندہ 24 گھنٹوں میں ریٹرننگ افسران کی فہرستیں اور لوکل گورنمٹ ایکٹ سمیت حلقہ بندیوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے جب کہ چیف الیکشن کمشنر کو بھی ہدایت کی ہے کہ 7 روز کے اندر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے منظور کردہ پولنگ اسٹیشنز کا کام مکمل کرکے تفصیلات فراہم کی جائیں۔ بیلٹ پیر کی پرنٹنگ حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ دو صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کےلئے 40 کروڑ بیلٹ پیپر چھپنے ہیں اور اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر نے پرنٹنگ کارپوریشن کے چیئرمین سے ملاقات کرکے تفصیل سے بات چیت کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے حکومت اور الیکشن کمیشن کو حکم دیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات صوبوں کی جانب سے دی گئی تاریخ کے مطابق 27 نومبر یا 7 دسمبر کو کرائے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں