امریکا کا پاگل پن روکنے کیلئے نیٹو سپلائی بند کریں گے عمران خان

جب طالبان سے مذاکرات کیلئے ماحول سازگار ہو گیا توامریکا نے ڈرون حملہ کر کے امن مذاکرات کو تباہ کردیا، عمران خان


ویب ڈیسک November 06, 2013
امریکا نے یہ ڈرون حملہ اتفاقی طور پر نہیں بلکہ جان بوجھ کرکیا, عمران خان۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نے ڈرون حملے بند نہ کئے تو پاکستان کے راستے افغانستان جانے والی نیٹو سپلائی بند کر دیں گے۔

برطا نوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹر ویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کو ڈرون حملہ میں ہلاک کرکے حکومت پاکستان کے طالبان کے ساتھ امن عمل کو سبوتاژکیا، امریکا نے یہ ڈرون حملہ اتفاقی طور پر نہیں بلکہ جان بوجھ کرکیا، امریکا پاکستان کا دوست ہے یا دشمن؟ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگرامریکا نے 20 نومبر تک ڈرون حملے بند نہ کئے تو وہ نیٹو سپلائی بند کرنے کے لئے احتجاج کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا میں ہر کسی کو بخوبی علم تھا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات ہونے جا رہے ہیں اور جب 2 ماہ کی محنت اور انتظار کے بعد مذاکرات کے لئے ماحول سازگار ہو گیا توامریکا نے ڈرون حملہ کر کے امن مذاکرات کو تباہ کردیا، پاکستانی عوام امن چاہتے ہیں اور ہم امن کے لئے ہروہ کام کریں گے جو ہماری دسترس میں ہو گا، امریکا کا پاگل پن روکنے کے لئے نیٹو سپلائی بند کی جائے گی کیونکہ یہ حملے شدت پسندی کو بھڑکا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین اور ان کی جماعت نے وفاقی حکومت کو امریکی ڈرون حملے بند کرانے کے لئے 20 نومبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے اور کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت نے ڈرون حملے بند نہ کرائے تو ان کی جماعت خیبر پختون خوا میں نیٹو سپلائی بند کر دے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں