کچرے کے ڈھیر و ابلتے گٹر شہریوں کیلیے وبال بن گئے ظفر کمالی

مسائل سے چشم پوشی کے باعث صفائی ستھرائی کی صورتحال ابتر ہے، شہریوں سے گفتگو

ٹی ایم اے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث میرپورخاص تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔

یہ بات حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر احمد کمالی نے متحدہ زونل آفس میں شہریوں کے وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ ٹی ایم اے افسران کے تبادلوں اور حکومت سندھ کی عوامی مسائل سے چشم پوشی کے باعث شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال نہایت ابتر ہے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور ابلتے گٹر شہریوں کے لیے وبال بن گئے ہیں۔




کئی علاقوں میں سیوریج کا پانی پینے کے پانی میں شامل ہوگیا ہے، جس سے موذی امراض پھوٹ پڑے ہیں، جبکہ شہر پہلے ہی ڈنگی کی لپیٹ میں ہے۔ چند روز قبل تعلقہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کی مجرمانہ غفلت کے باعث گٹر میں گرنے سے ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔ انھوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ فرائض سے غفلت کے مرتکب متعلقہ افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور فوری طور پر عوامی مسائل حل کیے جائیں۔
Load Next Story