محکمہ ٹریفک انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کارڈ پیر سے جاری کریگا

پہلے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کتابی شکل میں جاری ہوتا تھا، کارڈ لائسنس کے اجرا سے بیرون ملک جانیوالوں کو سہولت۔۔۔

ناظم آباد، کلفٹن اور کورنگی برانچز انٹر لنک ہوگئیں، شہری کسی بھی برانچ سے لائسنس بنواسکتے ہیں، کارڈ لائسنس دنیا بھر میں قابل قبول ہوگا۔ فوٹو: فائل

شہر قائد میں ٹریفک ڈپارٹمنٹ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کارڈ کی صورت میں جاری کرے گی، جدید کارڈ لائسنس کا اجرا پیر سے ہوگا۔

کارڈ لائسنس کے اجرا سے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو سہولت میسر آئے گی، اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبو کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں منعقد تقریب میں کارڈ لائسنس کا اجرا کریں گے، تفصیلات کے مطابق ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرلیا ہے، اب ڈرائیونگ لائسنس انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی صورت میں جاری ہوگا، اس سے قبل کتابی شکل میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاتا تھا۔




ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے مذکورہ فیصلے سے نہ صرف شہریوں کو بلکہ بیرون ملک جانے والوں کو بھی سہولت میسر آئے گی ،ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ شہر میں واقع تینوں ڈرائیونگ لائسنس برانچوں ناظم آباد، کلفٹن اور کورنگی کو انٹر لنک کردیا گیا ہے جس سے شہریوں کو لائسنس بنوانے میں مزید آسانی ہوگی برانچوں کے انٹر لنک ہونے سے شہری کسی بھی برانچ سے نہ صرف اپنا لائسنس بنواسکتا ہے بلکہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت بھی حاصل کرسکتا ہے، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کارڈ پہلی مرتبہ لائسنس بنوانے والے افراد بھی حاصل کرسکتے ہیں، اس سلسلے میں دنیا کے دیگر ممالک سے مفاہمت ہوچکی ہے، مذکورہ کارڈ دنیا بھر میں قابل قبول ہوگا۔
Load Next Story