’’عالمہ سے ٹک ٹاک اسٹارتک‘‘ حریم شاہ کے والد کی متنازع ویڈیوزپرمعافی

اپنی بیٹی کو بہترین اورمعیاری مدارس سے دین کی تعلیم دلوائی، والد حریم شاہ


ویب ڈیسک January 03, 2020
میں ان تمام لوگوں سے معافی کا طلبگار ہوں جو ان ویڈیوز کی وجہ سے متاثر ہوئے۔، والد حریم شاہ فوٹوفائل

متنازع ویڈیوز سے شہرت حاصل کرنے والی پاکستانی ٹک ٹاک اسٹارحریم شاہ کے والد ضرارحسین شاہ نے اپنی بیٹی کی متنازع ویڈیوز پران تمام لوگوں سے معافی مانگی ہے جن کی ان ویڈیوز کی وجہ سے دل آزاری ہوئی ہے۔

پچھلے دوماہ سے اپنی ویڈیوزسے پاکستانی سیاست اورمیڈیا پر ہلچل مچانے والی ٹک ٹاک اسٹارحریم شاہ کے والد ضرار حسین شاہ کی ایک ویڈیوسوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں وہ حریم شاہ اورسیاستدانوں کی وائرل ہونے والی ویڈیوز پرمعافی مانگتے ہوئے نظرآرہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید میرے بہنوئی ہیں، حریم شاہ

طویل ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ حریم شاہ کے والد زاروقطار روتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ان کی بیٹی کا نام حریم شاہ نہیں بلکہ فضا حسین ہے۔ مختلف سیاستدانوں کے ساتھ حریم شاہ کی وائرل ہونے والی ویڈیوپرضرارحسین دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں میں ان تمام لوگوں سے معافی کا طلبگار ہوں جنہیں ان ویڈیوز کی وجہ سے تکلیف پہنچی۔

ضرار حسین نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو بہترین اورمعیاری مدارس اور تعلیمی اداروں سے دین کی تعلیم دلوائی تھی جہاں اس نے بہت اچھے نمبر لے کر عالمہ کا کورس کیا تھا۔ میں نے اپنی بیٹی کے لیے وہ سب کیا جو ایک باپ کرسکتا ہے لیکن اس نے مجھے مایوس کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہم پی ٹی آئی کے ورکر ہیں تو ویڈیوز بھی ان ہی کے ساتھ بناتے ہیں، حریم شاہ

حریم شاہ کے والد نے کہا کہ وہ ملکی سلامتی کولے کر بہت فکر مند ہیں۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ متنازع ویڈیوز نے قوم کی سالمیت کو داؤ پر لگادیا ہے۔ انہوں نے کہا خدا سے دعا کرتا ہوں وہ میری بیٹی کو حریم شاہ سے دوبارہ فضا حسین بنادے اوراسے ہدایت دے۔ میں اللہ کی رحمت سے ناامید نہیں ہوں، ہدایت دینا اس کا کام ہے۔ کیونکہ لوگ آزمائش کے لیے گمراہ بھی ہوجاتے ہیں اور جب وہ راضی ہوتا ہے تو پھر ہدایت بھی پالیتے ہیں۔ آپ سب دعا کریں اللہ میری بیٹی کو ہدایت دے۔

[fb-post-embed url="https://www.facebook.com/EntertainemtExpress/videos/2585518251771974/"]

واضح رہے کہ حریم شاہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی والد کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں میڈیا اورعوام سے درخواست کرتی ہوں کہ میرے خاندان کو اس معاملے میں نہ گھسیٹیں اورنہ ہی میری نجی معلومات شیئرکریں۔

https://twitter.com/_Hareem_Shah/status/1212698473063211010

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں