الیکشن کمیشن بیلٹ پیپرز کی چھپائی خود کرائے حکومت اس معاملے میں نہیں پڑے گی وزیر خزانہ

50 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی 2 دن میں تو کیا 20 سے 25 دن میں بھی ممکن نہیں، اسحاق ڈار


ویب ڈیسک November 07, 2013
اگر حکومت چھپائی کے معاملے میں پڑی تو بلدیاتی انتخابات کی شفافیت کا مسئلہ ہوسکتا ہے، اسحاق ڈار فوٹو: ایکسپریس نیوز

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈا نے کہا ہے کہ حکومت بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے معاملے میں نہیں پڑنا چاہتی لہٰذا الیکشن کمیشن خود اس معاملے کو حل کرے۔

اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی اور دیگر الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت خود بیلٹ پیپرز چھپانے کے حق میں نہیں کیونکہ اگر حکومت چھپائی کے معاملے میں پڑی تو بلدیاتی انتخابات کی شفافیت کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشین تجربہ کار ہے لہٰذا خود ہی چھپائی کا مسئلہ حل کرے تاہم اس سلسلے میں کمیشن کو جو فنڈز درکار ہوں گے حکومت وہ دینے کے لئے تیار ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 50 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی 2 دن میں تو کیا 20 سے 25 دن میں بھی ممکن نہیں، الیکشن کمیشن سرکاری اداروں سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کرائے لیکن اگر وہ اس میں نجی شعبے کو بھی شامل کرنا چاہے تو وہ بھی دائرہ اختیار میں ہے لیکن اس سے بھی شفافیت کا مسئلہ پیدا ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کابینہ ڈویژن کے سیکریٹری نے بھی مقررہ مدت میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں حکومتی مؤقف تحریری شکل میں دینے کا کہا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں