خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری

جنوبی و شمالی وزیرستان میں بارش اور برفباری کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند


ویب ڈیسک January 05, 2020
بارش اور برفباری کا سلسلہ منگل تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات فوٹو: فائل

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمال مغربی اضلاع میں اتوار کی صبح سے بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ برفباری کی وجہ سے وادی زیارت نے سفید چادر اڑھ لی ہے، جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں کافی اضافہ ہوا ہے، ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت اور گرد ونواح میں تقریباً 6 انچ تک برف پڑ چکی ہے اور برفباری کا یہ سلسلہ پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی گزشتہ رات سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وانا، اعظم ورسک، شاہ عالمل، وادی شکئی، رغزئی اورپاک افغان بارڈر انگوراڈہ میں برف باری کے باعث کئی مقامات پر سڑکیں بند ہوگئی ہیں، جس کی وجہ سے کئی علاقوں کا ملک سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔جنوبی ایشیا کی طویل ترین سرنگ لواری ٹنل کو جانے والی سڑک پر برف جمع ہونے سے مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔

بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاوہ جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان اور اس کے متصل علاقوں کے علاوہ کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بھی ہلکی پھلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اتوار اورپیر کے دوران بلوچستان کے میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر شدید برف باری کا امکان ہے جبکہ شمالی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کاخدشہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں