فلم ’’خوبصورت‘‘ میں کام کرتے ہوئے خوفزدہ ہوں سونم کپور

1980کی سپر ہٹ فلم ’’خوبصورت‘‘ کے ریمیک کے ہدایتکارششنکاگھوش اور پروڈیوسر ریحاکپور ہیں،زیادہ تر شوٹنگزراجستھان میں ہوگی


Showbiz Desk November 08, 2013
سونم کپور اداکارہ ریکھا کے ادا کیے جانے والے کردار پر اپنی پرفارمنس دکھائیں گی فوٹو: فائل

HETHEL: بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کا کہنا ہے کہ 1980کی کلاسیکل کامیڈی فلم ''خوبصورت''کا وہ کردار جو اداکارہ ریکھا ادا کرچکی ہیں اسے کرتے ہوئے خوفزدہ ہوں۔

واضح رہے کہ ''خوبصورت'' کا ریمیک جو اسی نام سے بنایاجارہا ہے اوراسے اداکارہ سونم کپورکی بہن ریحا کپورپروڈیوس کررہی ہیں جب کہ اس کے ہدایتکار ششنکا گھوش ہیں فلم کی زیادہ تر عکس بندی راجستھان میں کی جارہی ہے ۔ سونم اس فلم میں پیار کرنیوالی لڑکی کا کردار جس پر اس سے قبل ریکھا یادگار اداکاری کا مظاہرہ کرچکی ہیں ادا کریں گی۔اس کردار کو انیل کپور نے اپنی بیٹی کے لیے نئے سرے سے تیار کیا ہے ۔ 1980کی ہٹ فلم خوبصورت میں راکیش روشن، ریکھا، اشوک کمار، کیشتومکھرجی اور دینا پاتھک نے کام کیا تھا اس کی ہدایات ہریشکیش مکھرجی نے دی تھیں جب کہ اس کے مصنف شانو بینرجی تھے اور ڈائیلاگ گلزار نے لکھے تھے ری میک میں رتنا پاتھک شا اور پروسنجیت دینا پاتھک اور اشوک کمار والے کردار ادا کریں گے ۔سونم کپور کا کہنا ہے کہ یہ فلم ہرشکش مکھر جی کی فلم سے بہت زیادہ مشابہت نہیں رکھتی ہے ۔

ہمیں فلم کے حقوق حاصل ہیں اور انھیںکے مطابق کرداروں کو نئے سانچے میں ڈھالا گیا ہے اور اس میں پرانی فلم جیسا کچھ نہیں ہے تاہم اس میں لڑکی کا کردار جو میں اداکررہی ہوں یہی فلم ''خوبصورت'' کا نچوڑ ہے ۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں فلم میں کام کرنے کے لیے انتہائی بے تاب ہوں اور اس سلسلہ میں لیجنڈ اداکارہ ریکھا سے ملکر معلوم کرنا چاہتی ہوں کہ انھوںنے 1980 کی بلاک بسٹر فلم میں اپنا رول کس طرح سے ادا کیاتھا اور ان سے کچھ سیکھنا اور ان سے اس رول کو بہتر طریقہ سے ادا کرنے کے لیے کچھ ٹپس لینا چاہتی ہوں۔کیونکہ میں جانتی ہوں کہ فلم میں جو کردار انھوںنے ادا کیا تھا اسے پوری طرح تبدیل کردیا گیا اور پوری فلم اسی کے گرد گھوم رہی ہے میں اس کردار کو ادا کرتے ہوئے بہت خوف محسوس کررہی ہوں کیونکہ ریکھا نے جس طرح اس کردار کو ادا کیاتھا میں اس کا صرف 10 فیصد ہی کرسکتی ہوں۔واضح رہے کہ معروف ہدایتکار سنجے لیلا بھانسالی کی فلم 'سانوریا' سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ اور معروف اداکار انیل کپور کی بیٹی سونم کپور 9جون 1985کوممبئی میں پیدا ہوئیں۔



سونم نے فلمساز و ہدایتکار سنجے لیلا کی فلم' بلیک' میں ان کی معاون کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس نے رنبیر کپور کے ساتھ'' سانوریا'' کے ذریعہ بطور اداکارہ فلموں میں قدم رکھا تاہم فلم باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی لیکن سونم کی کارکردگی کو ناقدین کی جانب سے بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔2009 میں ''دہلی6 ''، 2010 میں'' آئی ہیٹ لو اسٹوری '' اور عائشہ میں جلوہ گر ہوئیں۔ 2011 میں ''تھینک یو'' اور ''موسم'' میں نظر آئیں 2012 میں اداکا رہ کی صرف ایک فلم سینما گھروں کی زینت بنی بدقسمتی ان تمام فلموں میں سے کوئی فلم بھی اداکارہ کو باکس آفس پر بہترین ہیروئن ثابت کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی ۔رواں سال کے دوران سونم نے فلم بمبے ٹاکیز، کے گانے '' اپنا بمبے ٹاکیز پر جلوے بکھیرے ۔اسی برس اس کی فلم ''رانجھنا'' ریلیز ہوئی آنند رائے کی ہدایتکاری میں 35 کروڑ روپے سے تیار ہونے والی یہ فلم باکس آفس پر سو کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی اور فلم نے اس پر سے ایک ناکام ہیروئن کا داغ ختم کردیا ۔ ایکٹریس کا داغ ختم کردیا ۔

بعد ازاں سونم کپور بھارت کے اولمپین اتھلیٹ ملکھا سنگھ کی زندگی پر بنائی جانیوالی فلم ''بھاگ ملکھا بھاگ '' میں جلوہ گر ہوئیں اس فلم کے ہدایتکار اور فلمساز راکیش اوم پرکاش مہرہ تھے جب کہ اس فلم میں فرحان اختر نے ملکھا سنگھ جب کہ سونم نے نرمل کور کا کردار ادا کیا۔فلم میں اس کی پرفارمنس کو سراہا گیا اور یہ فلم بھی سو کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی واضح رہے کہ سونم کپور کی پہلی فلم ''سانوریا ''جو باکس آفس پر کامیابی نہیں حاصل کرسکی تھی اس کے باوجود اسے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کی گئی تھیں۔ 2008میں بہترین اداکارہ کے طور پر اسکرین ایوارڈ کے لیے نامزدگی ہوئی ۔اسی سال اداکارہ نے مستقبل کی سپر اسٹار کا اسٹارڈم ایوارڈ جیتا ۔2012میں زی سائن ایوارڈبھی سونم کپور اپنے نام کرانے میں کامیاب ہوئیں۔ واضح رہے کہ سونم کپور کی ایک فلم بیوقوفیاں کی شوٹنگز بھی آخری مراحل میں ہیں اور اسے بھی اگلے برس سینما گھروں کی زینت بنائے جانے کااعلان کیا گیاہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں