خطے کا امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے ترجمان پاک فوج

امن کے خواہاں ہیں لیکن ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، میجر جنرل آصف غفور         


ویب ڈیسک January 05, 2020
افواج پاکستان ملک کا دفاع جانتی ہیں اور اس سے بھارت بخوبی آگاہ ہے، ترجمان پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ خطے میں امن کے خواہاں ہیں لیکن ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور خطے کا امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ایرانی جنرل پرحملے کے بعد خطے کےحالات میں تبدیلی آئی اور اس حوالے سے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات ہوئی، آرمی چیف نے کہا خطے میں ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہونی چاہے، خطہ خراب حالات سے بہتری کی طرف جارہا ہے اور بہت قربانیوں کے بعد پاکستان میں امن ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہمارا خطہ گزشتہ چار دہائیوں سے سیکورٹی کے حوالے سے مشکلات کا شکار رہا ہے اور پاکستان کی خطے میں ایک حیثیت ہے، پاکستان نے خطے میں امن کے لئے ہر ممکن کام کیا، امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، پاکستان نے افغان مصالحتی عمل میں کردار ادا کیا، پاک افغان سرحد کو محفوظ بنایا، خطے میں دہشت گردوں کو شکست دی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت نے جارحیت دکھائی تو پاکستان نے دو طیارے گرائے اور بھارت کے خلاف پاکستان نے قابل فوج ہونے کا ثبوت دیا، امن کے لیے بھرپورکردارادا کریں گے لیکن اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے جب کہ افواج پاکستان ملک کا دفاع جانتی ہیں اور بھارت اس سے بخوبی آگاہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔