بچوں کوعسکری تربیت دینے والے مجرم کو 10سال قیدکی سزا

فی بچہ5ہزار روپے معاوضہ ملتا ہے،افغان جہاد میں زخمی بھی ہوا تھا، مجرم عبدالرزاق


Staff Reporter November 08, 2013
عدالت نے بھتہ خوری کا جرم ثابت ہونے پر 2 مجرموں کو 6برس قیدکی سزا سنادی فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مدرسے کے بچوں کو وزیر ستان لے جا کر جہاد کرنے کی تربیت دینے کے الزام میں ملوث کالعدم تحریک طالبان کے اہم ملزم عبدالرزاق کو جرم ثابت ہونے پر 10سال قید ا ور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی ، فاضل عدالت نے مقدمے کے شریک ملزم راشد اقبال کو عدم ثبوت پر بری کردیا ،استغاثہ کے مطابق2009 میں ملزم جو کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان کا سرگرم رکن رہا ہے،اس نے میڑوول میں واقع مدرسے کے بچوں کو تربیت دینے کیلیے زبردستی وزیرستان کے علاقے وانا لے گیا اور وہاں پر ہلاک ہونیوالے کمانڈر ولی الرحمن محسود سے ملاقات کرائی تھی ، اس موقع پر امریکی ڈرون حملہ ہوگیا جس میں 6 بچے ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

جس کے بعد ایس ایس پی سی آئی ڈی پولیس چوہدری اسلم نے زندہ بچ جانے والے بچوں کے اہل خانہ کو تلاش کیا ،ان کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا تھا ۔



گرفتار ملزم نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا اور عدالت کو بتایا تھا کہ اسے فی بچہ 5 ہزار روپے معاوضہ ملتا ہے اور وہ خود افغان جہاد میں زخمی بھی ہوا تھا، دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی خصوصی اختیاری عدالت کی جج زاہد سکندر نے بھتہ طلب کرنے کے الزام میں ملوث کاشف رفیق وارثی اور سلطان خان کو جرم ثابت ہونے پر 6برس قید اور فی کس10ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

ملزم کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید ایک ماہ جیل میں رہنا ہونگے علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی کی عدالت نے پولیس مقابلہ اور اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزمان دانش اور فیصل کو جرم ثابت ہونے دو دفعات میں مجموعی طور پر8،8 سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے، واضح رہے کہ ملزمان جیل میں تھے ، جمعرات کو ملزمان کو سینٹرل جیل سے پیشی کے لیے عدالت لایا گیا اور عدالت کے فیصلے کے بعد واپس جیل بھیج دیا گیا ، عدالت نے اپنے فیصلے میں ملزمان کو اقدام قتل میں 7سال اور پولیس مقابلے میں ایک ، ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں