برنس روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر تجاوزات کیخلاف مصنوعی آپریشن جاری

آپریشن میں شریک افراد دکانوں سے مشروبات سمیت دیگر سامان بھی اٹھا کر لے گئے۔


Muhammad Yaseen November 08, 2013
برنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹ پر شام کے وقت سڑک پر ریسٹورنٹس کے باہر فٹ پاتھ اور سڑک پر لگائی جانے والی ٹیبلوں سے راہگیروں کو پریشانی کا سامنا ہے، تجاوزات سے ٹریفک جام ہونامعمول بن گیا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

بلدیہ عظمیٰ کا برنس روڈ اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر تجاوزات کے خلاف مصنوعی آپریشن جاری ہے ۔

آپریشن میں شریک ملازمین دکانوں کے اندر سے مشروبات کے کریٹ اور دیگر کھانے پینے کا سامان بھی اٹھا کر لے گئے، آپریشن کے باوجود ٹھیلے ، پتھارے اور ہوٹلوں کے مالکان سے مبینہ طور پر ہفتہ وار بھتہ بھی وصول کیا جارہا ہے،تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنرجنوبی کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کے انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ملازمین نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ برنس روڈ اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر تجاوزات کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت4روز قبل آپریشن شروع کیا تھا جو تاحال جاری ہے۔

آپریشن کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھ پر رکھے متعدد پتھارے اوردیگرسامان عملہ ٹرکوں میں ڈال کر لے گیا، اثرورسوخ رکھنے والے پتھارے داروں کو ان کے ٹھیلے واپس کر دیے جاتے ہیں جبکہ کئی پتھارے اور ٹھیلے پولیس نے اٹھانے سے بچا لیے ، انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کے عملے نے ٹھیلے اور پتھارے والوں کو یقین دلایا ہے کہ یوم عاشور کے بعد ان کا اٹھایا جانے والا سامان واپس کر دیں گے تاہم اس کے لیے انھیں مبینہ طور پر کچھ نہ کچھ دینا پڑے گا ،آپریشن کی نگرانی ڈپٹی کمشنر نے خود کی ،ابتدائی دنوں میں تو آپریشن انتہائی سخت معلوم ہوتا تھا تاہم دن گزرنے کے ساتھ ساتھ آپریشن میں نرمی آتی جا رہی ہے۔



آپریشن میں شامل انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کے عملے نے ٹھیلے اور پتھارے والوں کو بتایا ہے کہ آپریشن کا سلسلہ10محرم الحرام تک جاری رہے گا ، آپریشن شروع کیے جانے سے ایک روز قبل رات کے وقت بلدیات کے عملے نے برنس روڈ اور اس کی اطراف میں واقع ہوٹل اور پتھارے والوں کو آکر بتایا تھا کہ قومی اسمبلی کی نشستNA-250سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی کا کوئی والا اپنے رشتے دار کو ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال جا رہا تھا کہ ایمبولینس محمد بن قاسم روڈ پر فریسکو کے قریب تجاوزات کے باعث ٹریفک جام میں پھنس گئی اور آدھے گھنٹے تک ایمبولینس وہاں پھنسی رہی اور جب ایمبولینس مریض کو لے کر سول اسپتال پہنچی تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریض کو آنے میں دیر ہو گئی اور اس کی موت واقع ہو گئی جس پر اس نے ڈاکٹر عارف علوی کو شکایت کی۔

عارف علوی نے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کو واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے فوری طور پر سڑک اور فٹ پاتھ سے تمام پتھارے اور ٹھیلے ہٹوانے کو کہا جس پر ڈپٹی کمشنر کراچی نے کارروائی شروع کرنے کے احکام جاری کیے ہیں اور یہ آپریشن10محرم الحرام تک جاری رہے گا ، ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے باوجود محکمہ بلدیات کے انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ اور پولیس کا بیٹر شارع لیاقت المعروف برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ اور محمد بن قاسم روڈ پر کھڑے ہونے والے ٹھیلوں ، پتھاروں اور ہوٹلوں سے روزانہ کی بنیاد پر وصول کیا جانے والا مبینہ بھتہ وصول کررہے ہیں اور اگر کسی نے بھتہ نہیں دیا تو اسے آپریشن ختم ہونے کے بعد بھی کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، ملازمین کی اس دھمکی پر تمام کاروبار کرنے والوں نے انہیں بھتہ دے دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔