پاکستانی ستاروں کی چمک سے غیر روشنی پانے لگے

وسیم اکرم کے مشوروں نے عرفان پٹھان کے بعد محمد شامی کو بھی اسٹار بنا دیا


Sports Desk November 08, 2013
وسیم اکرم نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں بولنگ مشیر کی ذمہ داریاں انجام کرنے کے دوران شامی پر خصوصی توجہ دی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے سابق ستاروں کی چمک سے غیرروشنی پانے لگے، وسیم اکرم کے مشوروں نے عرفان پٹھان کے بعد محمد شامی کو بھی اسٹار بنادیا۔

ثقلین مشتاق کے تربیت یافتہ شین شلنگفورڈ نے بھی اپنی مہارت کا ثبوت دے دیا، سچن ٹنڈولکر سمیت ٹاپ بھارتی آرڈر کو نشانہ بنایا، پاکستان میں کوئی اپنے ہی سابق عظیم اسپنر کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کو ہی تیار نہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق سپر اسٹارزکے تجربات سے غیر مستفید ہورہے ہیں جبکہ پی سی بی ان کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کو تیار دکھائی نہیں دیتا، وسیم اکرم کئی بار اپنی خدمات پیش کرچکے، بڑی مشکل سے رواں برس چند روز کا ایک کیمپ لگا کر بورڈ نے اپنا فریضہ پورا کرلیا جبکہ سابق اسپن بولر ثقلین مشتاق اپنا تجربہ پاکستانی سلو بولرز کو سونپا چاہتے ہیں مگر انھیں یہاں کوئی پذیرائی نہیں مل رہی۔



بھارتی پیسر محمد شامی نے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو پر چار وکٹیں لیں، ان کا تعلق اتر پردیش کے چھوٹے سے علاقے میں ہے جہاں کرکٹ زیادہ نہیں کھیلی جاتی، شامی کو اس مقام تک لانے میں پاکستان کے سپر اسٹار وسیم اکرم کا بھی خاص ہاتھ ہے، انھوں نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں بولنگ مشیر کی ذمہ داریاں انجام کرنے کے دوران شامی پر خصوصی توجہ دی۔



کولکتہ ٹیسٹ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز کے شین شلنگفورڈ نے سچن ٹنڈولکر سمیت 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، انھوں نے اپنی بولنگ میں نکھار کا کریڈٹ ثقلین مشتاق کو دیا جنھوں نے کچھ عرصہ قبل بارباڈوس میں اسپن کیمپ لگایا تھا، انھوں نے کہا کہ ثقلین کے ساتھ کام کرنے سے میں دماغی طور پر زیادہ مضبوط ہوا، مجھ میں خود اعتمادی بڑھی، ثقلین کسی بھی ٹیسٹ سے قبل کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں کافی علم رکھتے ہیں، جوکچھ میں نے ان سے سیکھا اسی کے بل پر ایسا پرفارم کرنے میں کامیاب ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں