میانداد معتمد خاص افراد کی برطرفی پر حکام سے سخت ناراض

ساڑھے7 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے ڈی جی نے کئی روزسے دفترکا رخ نہیں کیا.

ساڑھے7 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے ڈی جی نے کئی روزسے دفترکا رخ نہیں کیا۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد اپنے2معتمد خاص افراد کی برطرفی پر پی سی بی حکام سے سخت ناراض ہیں۔

اسی وجہ سے انھوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا، ساڑھے7 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ وصول کرنے والے ڈی جی نے کئی روزسے دفتر کا رخ بھی نہیں کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے گذشتہ دنوں یہ اعلان کیا کہ وہ چیئرمین کے انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں، اس پر کھیل کے حلقوں کی جانب سے خاصے تعجب کا اظہارکیا گیا،اس حوالے سے تحقیق پر علم ہوا کہ سابق اسٹار اپنے 2معتمد خاص افراد کی برطرفی پر بورڈ حکام سے ناراض ہیں، چند روز قبل جن لوگوں کے معاہدوں کی تجدید نہیں ہوئی ان میں علی احمد اور خاور ربانی بھی شامل ہیں، ان دونوں کا تقرر میانداد نے ہی کرایا تھا،ڈی جی کی ای میلز و دیگر اہم کام خاور ہی کیاکرتے تھے، انھوں نے اس فیصلے پر ناراضی کا اظہار بھی کیا ہے۔




ذرائع کے مطابق سابق کپتان گذشتہ کئی روز سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں واقع بورڈ آفس نہیں گئے، انھوں نے باقاعدہ طور پر چھٹیاں بھی نہیں لیں، وہ ان دنوں کراچی میں مقیم ہیں، انھوں نے کرکٹ سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے بورڈ انتخابات میں اپنی حمایت کی بھی درخواست کر دی ہے۔ دوسری جانب عدالتی حکم پر تقرری پانے والے امیر طارق زمان ان دنوں پی سی بی کے اضافی ملازمین کی فہرست تیار کرنے میں مصروف ہیں، جنھیں واپسی کے پروانے تھما دیے جائیں گے، ان میں ممکنہ طور پر ڈی جی میانداد کا نام بھی شامل ہو سکتا ہے، یاد رہے کہ سابق اسٹار کو ساڑھے 7 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ملتی ہے، انھیں گاڑی ، پیٹرول ، موبائل فون سمیت دیگر تمام مراعات بھی حاصل ہیں، بورڈ میں کئی برس گذارنے کے باوجود وہ بطور منتظم ناکام ثابت ہوئے ہیں۔
Load Next Story