سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کے لئے درخواست دائر
سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کے لئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں درخواست دائر کردی۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ خالد جاوید نے سندھ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع سے متعلق درخواست دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے 27 نومبرکی تاریخ مقررکی ہے، تاہم مقررہ تاریخ پر انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے، کیونکہ سندھ میں نئی حلقہ بندیوں پر اب بھی کام جاری ہے، لہذا دیگر صوبوں کی طرح صوبہ سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات کے لئے 7 دسمبر کی تاریخ مقرر کی جائے۔
اس موقع پر سندھ حکومت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست کی سماعت 11 نومبر کو سپریم کورٹ میں کی جائے، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔