ننکانہ صاحب واقعے پر بھارتی بیانات انڈین ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی

ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام پر حملے کا الزام بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہے، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک January 07, 2020
بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے بے بنیاد بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان میں بھارتی ناظم الامور گورو اہلوالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے بے بنیاد بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

ڈی جی ساوٴتھ ایشیا زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی ناظم الامور گورو اہلوالیا کو احتجاجی مراسلہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سکھ کمیونٹی کے حوالے سے بے بنیاد اور من گھڑت بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

یہ پڑھیں: ننکانہ صاحب واقعہ بھارت میں اقلیتوں پرحملوں سے مختلف ہے

احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام پر حملہ کا الزام بے بنیاد ، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہے، پشاور میں سکھ نوجوان کے قتل کو ٹارگٹ کلنگ کا نام دے کر بھارت مذموم مقاصد کے حصول کی ناکام کوشش کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ننکانہ صاحب میں احتجاج کی قیادت کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

واضح رہے کہ ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان چوک میں چند مقامی افراد نے گرفتار افرادکی رہائی کیلیے پولیس کے خلاف احتجاج کیا تھا، اس احتجاج کی قیادت کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، جب کہ وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں