الیکشن کمیشن نے پنجاب کے سرکاری محکموں میں تقرریوں اورتبادلوں پر پابندی عائد کردی

کسی مجبوری کے تحت پنجاب حکومت الیکشن کمیشن سے اجازت لےکر تبادلہ یا تعیناتی کرسکتی ہے، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے باوجود پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پرہی کرانے کی تیاریاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں تمام سرکاری محکموں میں تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کردی جس کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی بلدیاتی انتخابات کے لیے عائد کی گئی ہے جس کا اطلاق تمام سرکاری محکموں پر ہوگا۔ بلدیاتی الیکشن شفاف بنانے کے لئے پہلے مرحلے میں تبادلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات تک صوبے کا کوئی بھی محکمہ افسران اور اہلکاروں کی تقرری اور تبادلے نہیں کرسکتا تاہم کسی مجبوری کے تحت پنجاب حکومت الیکشن کمیشن سے اجازت لےکر تبادلہ یا تعیناتی کرسکےگی۔


دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پرہی کرانے کی تیاریاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب کا بلدیاتی قانون اس کی اجازت نہیں دیتا اس لیے کمیشن قانون میں ترامیم تک غیرجماعتی بنیادوں پرانتخابی تیاریاں جاری رکھے گا۔ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی امیدواروں کی اسکروٹنی نیب، نادرا اور دیگر اداروں سے نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ لاہورہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پرکرانے کا حکم دیا ہے تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ترامیم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے الیکشن کمیشن کی نہیں۔
Load Next Story