جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں بلیک میل نہیں ہوں گے وزیراعظم نوازشریف

شہر قائد ملک کا معاشی حب ہے اگر یہاں امن ہوگا تو ملک میں خوشحالی آئے گی، وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک November 08, 2013
شہر میں امن وامان کی بہتری رینجرز کی صلاحیتوں کا مظہر ہے، وزیراعظم۔ فوٹو: ایکسپریس/اسکرین گریب

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے اور شہر میں آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مجرموں کا صفایا نہیں کردیتے۔

وزیراعظم نے رینجرزہیڈکوارٹرز کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کے دوران ڈی جی رینجرز نے انہیں ٹارگٹڈ آپریشن پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے شہر میں امن وامان کی بہتری کو رینجرز کی صلاحیتوں کا مظہر قرار دیا اور ہدایت کی کہ بدامنی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ بھی شریک ہوئے۔

بعدازاں وزیراعظم گورنر ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے 2 ماہ سے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران قبضے میں لیے گئے اسلحے کا بھی معائنہ کیا اور جدید اسلحے کی کراچی میں موجودگی پر حیرانگی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے گورنر ہاؤس میں بھی ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں جاری آپریشن کے دوران گرفتار کیے جانے والے افراد کو دیگر صوبوں کی جیلوں میں رکھا جائیگا۔

اس موقع پر گورنر ہاؤس میں وزیراعظم سے تاجروں کے وفد نے بھی ملاقات کی، تاجروں سے ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن سیاسی نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ تاجروں کی ملاقات کے بعد ایم کیوایم کے بھی ایک وفد نے وزیراعظم سے ڈاکٹرفاروق ستار کی قیادت میں ملاقات کی جس میں ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی بابرخان غوری بھی شامل تھے۔

تاجروں اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ ابھی تک شہر میں مجرموں کے خلاف کئےجانے والے کامیاب آپریشن پر گورنر، وزیراعلیٰ سمیت پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو مباکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہاکہ آپریشن کے دوران 6 ہزار مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا جاچکا ہے اور یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے کہ جب تک شہر سے مجرموں کا صفایا نہیں ہوجاتا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سے جرم کا خاتمہ کرکے اسے مثالی شہر بنائیں گے، شہر قائد ملک کا معاشی حب ہے اگر یہاں امن ہوگا تو ملک میں خوشحالی آئے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ کراچی کے حالات میں بہتری آرہی ہے اور اس بات کا اعتراف تاجر برادری نے بھی کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ الیکشن سے قبل قیاس آرائیاں کی جارہی تھی کہ انتخابات میں کسی ایک جماعت کو اکثریت نہیں ملے گی اور اس بار بھی مخلوط حکومت قائم ہوگی۔ پاکستان آج جن مسائل میں گھرا ہوا ہے ان مسائل کو مخلوط نہیں بلکہ صرف ایک مضبوط حکومت ہی حل کرسکتی کیوں کہ مضبوط مینڈیٹ رکھنے والی حکومت ہی بڑے اور اہم فیصلے کرسکتی ہے۔ بجلی بحران سے متعلق نواز شریف کا کہنا تھاکہ ہمارے پاس ایسی جادو کی چھڑی نہیں ہے جسے گھمانے سے کل ہی بجلی آنا شروع ہوجائے، بجلی اور گیس کا بحران برسوں پرانا مرض ہے جسے درست کرنے کےلئے وقت درکار ہے، ہم اس بحران کے خاتمے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر کوششیں کررہےہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں